کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ اسمبلی کے وقفہ سوالات کے دوران جمعہ کو گندم کھاجانے والے چوہوں اور اس معاملے میں ہونے والی مبینہ کرپشن کا چرچا رہا۔وزیر خوراک و پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے محکمہ خوراک سے متعلق ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ان الزامات کو غلط قراردیا کہ سندھ میں 20ارب روپے کی گندم چوری ہوئی تھی ان کا کہنا تھا کہ جب ایسا ہوا ہی نہیں تو پھر نیب اس رقم کی ریکوری کس طرح کرسکتا ہے؟ ۔انہوں نے کہا کہ نیب نے سندھ کو 20ارب روپے نہیں بلکہ ایک ارب 29کروڑ روپے کی ریکوری کرکے دی ہے ۔وزیر خوراک نے کہا کہ غلط دعوئے کرنے والوں کو چاہیے کہ پہلے حقائق بھی معلوم کرلیا کریں۔