ملتان(جنرل رپورٹر) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے کامرس سینیٹر عون عباس بپی نے کہا کہ دنیا میں ای کامرس کا حجم 30 کھرب ڈالر تک بڑھ گیا ہے ، پاکستان دنیا میں تیسری بڑی ڈیجیٹل مارکیٹ ہے ،جس میں 12 لاکھ لوگ ای کامرس سے منسلک ہیں ڈیجیٹل کرنسی حکومت نہیں بنا سکتی البتہ اس کے لیئے ریگولیٹری اتھارٹی قائم کر کے بہت سی قباحتوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ، ان باتوں کا اظہار انہوں نے ایوان تجارت و صنعت ملتان میں ایک عصرانہ تقریب سے خطاب کرتے کیا ، جس میں چیمبر آف کامرس ملتان کے صدر خواجہ محمد حسین ، نائب صدر نوید اقبال چغتائی ، ایوان تجارت صنعت ڈی جی خان کے صدر ڈاکٹر شفیق پتافی ، پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سہیل محمود ہرل ، خواجہ محمد یوسف ، خواجہ محمد عثمان ، خواجہ محمد فاضل ، شاہد محمود ، مظفر خان خاکوانی ، خواجہ فاروق اور میاںآفاق احمد انصاری و دیگر موجود تھے ، سینٹر عون عباس بنی نے ممبران سے اپنے خطاب میں کہا کہ سابقہ حکومتوں نے بروقت فیصلے نہیں کیئے جس کی وجہ سے ہم آئی ٹی انڈسٹری میں 10 سال پیچھے رہ گئے ہیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ بزنس مین آگے آئیں اور نئے آئیڈیاز پر کام کرنے والے نوجوانوں کو تلاش کر کے ناصرف اپنے کاروبار کو ترقی دیں بلکہ ملکی معیشت میں بھی اپنا حصہ ڈالیں ، انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں فری لانسنگ کی مارکیٹ 7 کھرب ڈالر کو چھو رہی ہے ، اور 1.1 ارب لوگ اس سے وابستہ ہیں ، پاکستان میں فری لانسنگ سے 2 ارب ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان آئی ہیں ، ملکی مارکیٹ میں بہت پوٹینشل ہے اور ہماری یوتھ کا اس میں بہت بڑا حصہ ہے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چائنا 2030 تک دنیا کو ڈیجیٹل ٹریڈ پر منتقل ہوتا دیکھ رہا ہے اور بہت سی تجارت کاروبار ، ای کامرس پر شفٹ ہو جائیں گے ، محکمہ ڈاک کے لیئے دو ملین ڈالر کا ایک نظام لیکر آ رہے ہیں ، جس سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم بحال ہو جائے گا ، عون عباس بپی اس موقع پر اعلان بھی کیا کہ ای کامرس کا ایک ڈیسک ملتان چیمبر مین قائم کیا جائے گا تاکہ یہاں کی نوجوان کاروباری برادری کو ای کامرس سے آگاہ کیا جائیاور انہیں تربیت بھی فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملتان اور بہاولپور میں الگ الگ سیکرٹریٹ تو قائم کر دیئے ہیں مگریہ ایک جنوبی پنجاب ہی قائم ہو گا ، اور اس کی اسمبلی یہ فیصلہ کرے گی کہ سیکرٹریٹ کہاں قائم کرنا ہے ، انہوں نے کہا کہ ملتان کی کاروباری برادری مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو اس بات پر قائل کرے ، کہ وہ تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہوں ، اور جنوبی پنجاب کے قیام کا خواب پایہ تکمیل کو پہنچے ، قبل ازیں ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر خواجہ محمد حسین نے کہا کہ پاکستان میں ای کامرس کا آغاز دو دہائی پہلے ہوا ہے ، یہ اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان ای کامرس میں دنیا کے پہلے دس ممالک میں شامل ہے ، پاکستان میں ای کامرس کے لیئے اسٹیٹ بنک میں جامع پالیسی تیار کروائی جائے ، تاکہ آن لائن بزنس کے لیئے بینکنگ چینلز استعمال کرنے میں دشواری نہ ہو۔