سمارٹ سٹی پراجیکٹ اپنی طرز کا پہلا منصوبہ ہوگا:چیف آپریٹنگ افسر

Feb 12, 2022

لاہور(نامہ نگار)لاہور کو سمارٹ سٹی بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ایک موبائل کمپنی کے تعاون سے لاہور میں سمارٹ سٹی پائلٹ پراجیکٹ لگائے گی۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے موبائل کمپنی کی قطر ٹیم نے دورہ پاکستان کیا اور سیف سٹیز میں تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ اہم اجلاس ہوا ہے۔سمارٹ سٹی پائلٹ پراجیکٹ میں ایم ایم عالم روڈ اور لبرٹی کو کوور کیا جائے گا۔ایم ایم عالم روڈ پر سمارٹ سٹریٹ لائٹس، سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ اور انوائرمنٹ کے سمارٹ سینسر لگائے جائیں گے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر کامران خان نے بتایا کہ لبرٹی پارکنگ کو عالمی معیار کے مطابق سمارٹ پارکنگ میں بدلا جائے گا۔ ویسٹ مینجمنٹ کے ڈسٹ بنز میں بھی سمارٹ سینسر لگائے جائیں گے۔سمارٹ سٹی پراجیکٹ پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا منصوبہ ہوگا، پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی پاکستان میں مزید سمارٹ سٹی پراجیکٹس کی راہ ہموار کریگی، دبئی ایکسپو2020 میں سیف سٹیز اتھارٹی اور موبائل کمپنی میں سمارٹ سٹی پراجیکٹ بارے معاہدہ ہوا تھا،سیف سٹیز اجلاس میں کمشنر لاہور آفس، اربن یونٹ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، روڈا، لاہور پارکنگ کمپنی، انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان نے شرکت کی۔

مزیدخبریں