لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے وزیراعظم عمران خان کے امریکہ کے بارے میں بیان پر کہا ہے کہ وزیراعظم بین الاقوامی امور و معاملات پر گفتگو سے پہلے دفتر خارجہ سے گائیڈ لائن ضرور لے لیا کریں۔ وزیراعظم کا بیان سفارتی اقدار اور قومی مفاد کے برعکس ہے۔ بین الاقوامی تعلقات میں بہترین حکمت عملی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ قومی فوائد حاصل کئے جاتے ہیں اور سفارتی تعلقات میں سفارتی لب و لہجہ اور الفاظ کے استعمال کی بڑی اہمیت ہوتی ہے۔ بین الاقوامی سفارتی تعلقات میں ’’سلطان راہی ازم‘‘ کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔ممالک اپنے قومی مفاد کے مطابق پالیسیاں بناتے اور بدلتے ہیں۔ ضروری نہیں ہے کہ ایک ملک کی سفارتی پالیسی اور ترجیحات دیگر ممالک کیلئے بھی منفعت بخش ہو۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان کی سوچ اپنانے سے ہی ملک معتبر اور مضبوط ہو گا مگر اس کیلئے انتہائی دانشمندانہ حکمت عملی اپنائی جاتی ہے۔ فی الوقت امریکہ بین الاقوامی سیاست کا ایک طاقتور معاشی و عسکری کھلاڑی ہے۔ مقابلے کی بجائے مکالمے سے قومی مفادات کا تحفظ کیا جائے۔ اگر حکومتیں اپنی جغرافیائی،سیاسی، سفارتی، سماجی، معاشی اہمیت کے مطابق قومی مفاد میں فیصلے کرنے اور حکمت عملی اپنانے میں ناکام رہی ہیں تو اس پر کسی سے گلہ نہیں بنتا اپنا محاسبہ کرنا چاہیے ۔
سب سے پہلے پاکستان کی سوچ ملک مضبوط ہو گا:خرم نواز گنڈا پور
Feb 12, 2022