لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ 8کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کل ملتان میں ہوگی ۔ تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں ۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ میگا ایونٹ میں شاندارکارکردگی دکھانے کیلئے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی بے تاب ہیں ۔ لیگ کا ترانہ تیار کرلیا گیا ہے ۔ لیزر لائٹس کا بھی مظاہرہ کیا جائیگا۔ افتتاحی تقریب میں موسیقی کا تڑکا لگایا جائیگا۔نیا ترانہ ریکارڈ کروانے والے گلوکار عاصم اظہر، شائے گِل اور فارس شفیع کیساتھ آئمہ بیگ اور ساحر علی بگا بھی آواز کا جادو جگائیں گے، تقریب شام 6بجے شروع ہوگی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل اوپننگ بیٹر مارٹن گپٹل نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ پاکستان میں کھیلنے کے چیلنج کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان کرکٹ کیلئے بہترین جگہ ہے، یہاں نئے دوست بھی بنائیں گے اور اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے تاکہ ٹیم کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں، پاکستان میں کھیل کر سیکھنے کا بھی اچھا موقع ملے گا۔پی ایس ایل کا معیار کافی اچھا ہے تاہم وہ اس لیگ کا کسی دوسری لیگ سے موازنہ نہیں کریں گے کیونکہ ایسا کرنا ان کیلئے ممکن نہیں۔ یہاں اچھی فاسٹ بائولنگ، اچھا سپن اٹیک اور بہترین بیٹنگ سب ہی کچھ ہے۔ شاہین آفریدی، حارث رئوف، نسیم شاہ اور محمد حسنین کے ہوتے پاکستان کا بائولنگ اٹیک کافی زبردست ہے، ایسے بائولرز کی موجودگی میں پاکستانی فاسٹ بائولنگ کا مستقبل کافی روشن اور مضبوط دکھائی دے رہا ہے۔ کراچی کنگز میں شامل آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ نے کہا کہ پی ایس ایل کا معیار کسی سے کم نہیں، وہ اس لیگ میں شرکت کر کے ہمیشہ انجوائے کرتے ہیں۔ وہ پاکستان آنا ہمیشہ انجوائے کرتے ہیں، ان کی اہلیہ ایرن ہالینڈ بھی پاکستان آنا پسند کرتی ہیں۔یہاں کے لوگوں سے ملنی والی محبت اور یہاں کا کلچر انہیں کافی اچھا لگتا ہے۔ کرکٹ کا معیار زبردست اور لوگوں کی مہمان نوازی قابل ستائش ہے۔ امید ہے کراچی ، لاہور، ملتان اور اسلام آباد،ہر شہر میں ہاؤس فل ہوگا۔ ہر ٹیم کے پاس ایسے بائولرز ہیں جو ایک سو چالیس کی رفتار سے بائولنگ کرتے ہیں، اچھے سپنرز کا بھی خزانہ ہے اور ایسے بیٹرز بھی ہیں جو گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کراچی کنگز کی بیٹنگ میں اچھے ہٹر موجود ہیں، جیمز وینس اچھی فارم میں ہیں، شرجیل خوب ہٹنگ کر رہے ہیں اور شعیب ملک بھی گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بابر اعظم ایک ٹاپ بیٹر ہیں، کراچی کنگز کا نقصان ہے کہ وہ نہیں ہوں گے لیکن امید ہے کہ دیگر پلیئرز بابر کی کمی محسوس نہیں ہونے دیں گے۔
پاکستان سپرلیگ کا میلہ سجنے کو تیار ، افتتاحی تقریب کل ، فنکاررنگ جمائیں گے
Feb 12, 2023