لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل رائونڈر ندار ڈار نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کی تیاریاں اچھی رہی ہیں۔ آسٹریلیا کیخلاف میچ نہ جیتنے کے باوجود ہماری سیریز اچھی رہی۔ بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ۔ ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں مدد ملے گی۔ گروپ میں انگلینڈ، بھارت، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیمیں ہیں۔ ایک وقت میں ایک میچ کو لے کر چلیں گے اور اچھا کھیل پیش کرکے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کی کوشش کریں گے۔ سکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا ایک اچھا کمبینیشن بنا ہوا ہے۔ نوجوان کھلاڑی جلدی سیکھنے والی ہیں اور بہت پرجوش ہیں۔بیٹنگ آرڈر میں عالیہ ریاض اور عائشہ نسیم کے کردار بہت اہم ہونگے۔ بھارت اور پاکستان کا مقابلہ ایسا ہے کہ اس میں کسی چھٹی کے دن کی ضرورت نہیں ہے، شائقین کسی بھی دن مقابلہ دیکھنے کیلئے موجود ہوتے ہیں۔قومی کرکٹر فاطمہ ثناء نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے اور باؤلنگ اٹیک کی قیادت کرنے کیلئے بہت پرجوش ہوں۔ بھارت کیخلاف کھیلنا خاص احساس ہے، لیکن ہم اسے ایک عام کھیل کے طور پر لیں گے۔ میچ میں اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔شائقین کی حمایت بہت اہم ہے۔ ہم چاہیں گے کہ شائقین ٹیم کی حمایت جاری رکھیں چاہے وہ سٹیڈیم میں ہوں یا پاکستان سے ہمیں دیکھ رہے ہوں۔ میں جانتی ہوں کہ شائقین بھارت اور پاکستان کے مقابلے سے واقعی لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اس لیے گراؤنڈ پر آئیں اور ہماری ٹیم کو سپورٹ کریں۔