اسلام آباد‘ انقرہ (خصوصی نامہ نگار + این این آئی + شنہوا) ترکیہ اور شام میں آنیوالے خوفناک زلزلے سے اموات 25ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔ ترک ڈیزاسٹرمینجمنٹ ایجنسی کے مطابق ترکیہ میں زلزلے سے اموات 21ہزار 848ہوگئیں جبکہ 80ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ایایف ایڈی کے مطابق ترکیہ میں زلزلے کے بعد ملبے تلے دبے تقریبا 93ہزار افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ ترکیہ میں زلزلے کے بعد سے اب تک 1ہزار 891آفٹرشاکس محسوس کئے جاچکے ہیں۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ اور شام میں کم ازکم 8 لاکھ 70 ہزار افراد فوری خوراک کے منتظر ہیں۔ یو این ورلڈ فوڈ پروگرام نے ترکیہ، شام میں خوارک کیلئے77ملین ڈالر کی اپیل کی ہے۔دوسری جانب شام میں زلزلے سے اموات 3ہزار 553ہوچکی ہیں۔ انقرہ سے این این آئی کے مطابق ترکیہ میں ریسکیو ٹیم ایک ہوٹل کے ملبے میں کالج کی والی بال ٹیم کو تلاش کر رہی ہے اور اب تک تین لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔ جن میں سے دو اساتذہ اور ایک طالب علم کی ہے۔ 2 افراد کو زندہ بھی نکالا گیا ہے جبکہ 4 افراد اپنی مدد کے تحت پہلے ہی ملبے سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ ترکیہ میں 7.8 شدت کے زلزلے نے بلڈنگ انفراسٹرکچر کی خرابی کا پول کھول دیا۔ ماہرین نے تباہی کی بڑی وجہ عمارتوں کی ناقص تعمیر اور بلڈنگ کوڈ پر عمل نہ کرنے کو قرار دیا۔ ترکیہ میں عمارتیں ’ڈیزائن کوڈ‘ کی ضرورت سے بھی کم زلزلے کی شدت برداشت کرنے میں ناکام نظر آئیں۔ اسلام آباد سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق پاک فضائیہ کا آئی ایل۔78 طیارہ امدادی سامان لے کر ترکیہ کے شہر ادانہ پہنچ گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطا بق 78 طیارہ پی اے ایف بیس لاہور سے خیمے اور دیگر اشیائے ضروریہ سمیت زلزلہ سے متاثرہ ترک بھائیوں کے لیے 16.5 ٹن امدادی سامان لے کر پہنچا ہے۔ پاک فضائیہ وزارت خارجہ اور ترکیہ میں پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ مل کر پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی ہرممکن کوشش کر رہی ہے۔ اسی ضمن میں 08 پاکستانی مسافروں کو پاک فضائیہ کے اس آئی ایل۔78 طیارے پر وطن واپس پہنچایا جائے گا۔اے پی پی کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان نے 200.7 ٹن امدادی اشیا ترکیہ بھیجی ہیں جن میں 18 ٹن کمبل بھی شامل ہیں جو برادر ملک ترکیہ کے متاثرین زلزلہ کیلئے پی آئی اے کی مختلف پروازوں کے ذریعے روانہ کی گئی ہیں‘ ترکیہ کے وزیر صحت نے زلزلہ کے حوالہ سے تازہ ترین اعدادوشمار کے حوالہ سے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ربل میں67 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ دبئی سے اے پی پی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے 640 ٹن امدادی سامان 22 طیاروں سے بھیج دیا۔ امارات نے طیاروں سے فیلڈ ہسپتال اور ریسکیو ٹیمیں بھی روانہ کی ہیں۔ دریں اثناء ماں اور بچوں کی نگہداشت کرنے والی سپریم کونسل کی چیئرپرسن شیخہ فاطمہ بن مبارک نے امدادی عمل کے لیے پچاس ملین درھم فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ شیخہ فاطمہ کو کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر ام الامارات کہا جاتا ہے۔ امارات کے سولہ فلاحی ادارے امدادی عمل میں شامل ہیں۔ اقوام متحدہ سے شِنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ ترکی کے زلزلے سے متاثرہ علاقے میں تقریبا 130 بین الاقوامی سول امدادی ٹیمیں کام کر رہی ہیں جبکہ مزید 57 امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک حکومت کی درخواست پر ٹیمیں چار مراکز میں تعینات کی جا چکی ہیں۔ اقوام متحدہ کی ایک اور ڈیزاسٹر اسسمنٹ اور کوآرڈینیشن ٹیم شام پہنچ گئی ہے‘ امدادی سامان کا قافلہ بھی شامل پہنچ گیا ہے۔ پہلے چار دنوں میں ترکی اور شام میں1 لاکھ 15 ہزار لوگوں کو فوری طور پر خوراک کی امداد پہنچائی جبکہ تقسیم اب بھی جاری ہے۔عالمی ادارہ صحت نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے چار کروڑ 28 لاکھ ڈالر امداد کی اپیل کر دی۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے دو کروڑ 60 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ایک کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ بچے شامل ہیں۔
زلزلہ: اموات 25ہزار ست بڑھ گئیں ، ترکیہ میں نا قص رعمیرات پر گرفتاریاں
Feb 12, 2023