لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت انسداد دہشتگردی اور غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ہوم سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، جوائنٹ ڈائریکٹر جرنل آئی بی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈی جی سیف سٹی نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور وزیر اور داخلہ کو صوبہ میں انسداد دہشتگردی اور غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے لیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہ کہ تمام سکیورٹی ادارے ملکی و غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ تمام افراد بشمول غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کی لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سی پیک اور دیگر منصوبوں میں کام کرنے والے چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔ تمام سکیورٹی ادارے بالخصوص پنجاب پولیس اور آئی جی مل کر کام کریں۔ وزیر داخلہ نے سی ٹی ڈی اور سیف سٹی میں اصلاحات اور تنظیم نو کی ہدایت کی اور کہا قابل اور محنتی افراد آگے آئیں۔ سیف سٹی سے لاہور کی 100 فیصد نگرانی کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔