بجلی ، فضا ئی سفر ، سگریت دیگر اشیا مہنگی کرنے کی تیا ری 

Feb 12, 2023


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت نے  آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کو حاصل کرنے کے لئے آئندہ  ہفتے کے دوران  پیشگی عملی اقدامات کی تیاری  شروع کر دی ہے اور امکان  ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران بجلی کے بلز میں اضافہ، سگریٹ، ائر ٹریول سمیت مختلف آئٹمز پر ایکسائز ڈیوٹی کی ریٹ  بڑھانے بنکوں پر ٹیکس، سمیت 170ارب روپے کا منی بجٹ نافذ کر دیا جائے گا۔ ان اقدامات کی مصدقہ کاپیاں آئی ایم ایف کے ساتھ شئیر کی جائیں گی تاکہ عالمی مالیاتی ادارہ سٹاف لیول معاہدہ کا اعلان کرے، آئندہ ہفتے کے دوران کابینہ کا اجلاس جو منگل یا بدھ کو ہو گا، اس میںتمام اقدامات کی باضابطہ منطوری کے بعد ان  کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ذارئع کا کہنا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں3روپے39 پیسے فی یونٹ اضافے کی تیاری کی گئی ہے۔ بنیادی ٹیرف میں اضافہ خصوصی فنانسنگ  سرچارج کی مد میں ہوگا، اضافے کے بعد بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف27روپے فی  یونٹ سے بڑھ جائے گا۔ اس وقت بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف تقریباً24 روپے فی یونٹ ہے۔ تین روپے 39پیسے کے اس خصوصی فنانسنگ  سرچارج کو بجلی کے بنیادی ٹیرف میں شامل کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس کے علاوہ مارچ 2023ء سے ایک الگ سے 3روپے 39 پیسے فی یونٹ کا ایک اور اضافی سرچارج  لاگو کئے جانے کا مکان ہے،  جو  مارچ سے جون تک لاگو رہے گا، یہ اضافی سرچارج جون 2023ء تک وصول کیا جائے گا۔ چار ماہ کے دوران اس مد میں75 ارب روپے وصول کرنے کی تجویز ہے، تاہم ممکن ہے کہ حکومت اس مد میں سار بوجھ نہ منتقل کرے، کابینہ  اس کی شرح کا حتمی تعین  کرے گی، آئندہ مالی سال سے اس اضافی سرچارج کو  ایک روپے فی یونٹ  کر دیا جائے گا ۔ ذرائع  کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں قیمت میں اضافہ الگ سے ہوگا، سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ جو ایک الگ ہیڈ ہے  اس میں بجلی 6روپے 79پیسے تک مہنگی کرنے کی تجویز ہے۔  ٹیرف میں اضافے اور سبسڈی کے خاتمے سے رواں سال 280 ارب روپے بچت کا ہدف ہے۔ 300 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو بوجھ بھی پہلے سے زیادہ اٹھانا ہوگا۔ مارچ سے مئی دوسری سہ ماہی میں اس میں مزید 0.69 روپے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا جب کہ جون تا اگست تیسری سہ ماہی میں بجلی کی قیمت مزید 1.64 روپے فی یونٹ بڑھائی جائے گی، اس کے علاوہ ستمبر تا نومبر چوتھی سہ ماہی میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1.98 روپے کا مزید اضافہ ہوگا۔ یکم مارچ 2023 سے کسان پیکیج اور زیرو ریٹڈ صنعتی شعبے کی سبسڈی ختم کرنے سے 65 ارب روپے کی بچت ہوگی،  زیرو ریٹڈ سیکٹر سے 51 ارب جبکہ کسان پیکج پر سبسڈی کے خاتمے سے 14 ارب روپے بچانے کا تخمینہ ہے۔
اشیاء مہنگی؍ تیاری 
اسلام آباد(خبر نگار) بجلی صارفین قیمتوں میں اضافے کیلئے ہوجائیں تیار، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست نیپرا میں دائر بجلی کمپنیوں نے صارفین سے 17ارب 19کروڑ 80 لاکھ روپے وصول کرنے کی اجازت مانگ لی۔ بجلی کمپنیوں نے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کی۔ نیپرا اتھارٹی22 فروری کو بجلی کمپنیوں کی درخواست پر سماعت کرے گی۔ درخواست کے مطابق لیسکو نے 6ارب 34کروڑ 70لاکھ گیپکو نے 6ارب 56کروڑ 60لاکھ وصولی کی اجازت مانگی ہے۔ فیسکو صارفین سے 4ارب 47کروڑ 90لاکھ روپے وصولی کی درخواست دائر کی ہے۔ میپکو کی 2ارب 40کروڑ 70لاکھ اور آئیسکو کی 1ارب  32کروڑ 20لاکھ وصولی کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

مزیدخبریں