آر پی اوز، ڈی پی اوز ‘یونٹس سربراہان کو اسلحہ خانوںکی انسپکشن کا حکم

لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے کے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور یونٹس سربراہان کو اپنے اسلحہ خانوں اور کوت کی انسپکشن یقینی بنانے کا حکم جاری کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام افسران اسلحہ خانوں کی انسپکشن رپورٹس مکمل کرکے 28 فروری تک سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں پولیس کے زیر استعمال اسلحہ کی باقاعدگی سے صفائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جن اہلکاروں کے زیر استعمال اسلحہ ہے، اسکی صفائی ستھرائی کے ذمہ دار وہ خود ہونگے۔ آئی جی پنجاب نے پولیس کے زیر استعمال اسلحہ کی صفائی کی تفصیلی رپورٹس بھی سنٹرل پولیس آفس بھجوانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم مارچ کے بعد میں خود یا میرے منتخب نمائندے صوبے کے کسی بھی ضلع کے فیلڈ وزٹس کرکے اسلحہ کی سرپرائز انسپکشن کریں گے  اور اگر کسی جگہ ہدایات پر عمل درآمد نظر نہ آیا تو ذمہ داران کے خلاف کاروائی میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کروں گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے اسلحہ کی صفائی اور انسپکشن کے حوالے سے یہ ہدایات تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور یونٹ سربراہان کو بذریعہ مراسلہ جاری کی ہیں۔  پنجاب پولیس کے غازیوں اور دوران ڈیوٹی انتقال کرنے والے ملازمین کی ویلفیئر کیلئے بڑے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں اور اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کانسٹیبلان کی مالی امداد کے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کی فائل پر دستخط کرکے فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔ یہ رقم دوران سروس انتقال کرنے والے پولیس ملازموں کیلئے منظور کی گئی ہے جو بہت جلد انکی فیملیز تک پہنچا دی جائیگی۔ پنجاب حکومت نے دہشت گردی کے واقعات اور ڈاکوؤں سے مقابلے میں شہید ہونے والے ملازمین کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہوا ہے اور شہداء کیساتھ ساتھ دوران سروس انتقال کرنے والے پولیس ملازمین کیلئے 120 کروڑ کے فنڈز پہلے ہی منظور کر چکی ہے۔ حکومت کی فراہم کردہ رقم پولیس ملازمین کی امانت ہے اور بہت جلد حق داروں تک پہنچا دی جائیگی۔ 

ای پیپر دی نیشن