لاہور؍ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میری دعا ہے کہ نیب کے عقوبت خانے میں دشمن بھی نہ جائے کیو نکہ پچھلے ادوار میں وہاں پر جو نا انصافی روا رکھی گئی، نیب نے چن چن کر بے گناہ لوگوں کو دیوار سے لگایا اور ان کو نیب کے عقوبت خانے میں بھجوایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میںباب پاکستان کی تعمیر اور والٹن روڈ اپ گریڈیشن منصوبوں کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی، وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق اور سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین سمیت دیگر اہم شخصیت و افسروں نے شرکت کی۔ شہباز شریف نے کہ باب پاکستان کے منصوبے میں اربوں روپے کے مبینہ غبن ہوئے کیا نیب نے ان افراد کو بلاکر پوچھ گچھ کی جو اس کرپشن میں ملوث تھے۔ یہ وہ دوہرا معیار تھا جس نے ملک کو نقصان پہنچایا، کسی نے اس منصوبے میں کرپشن کرنے والوں کا احتساب کیا، انہوں نے کہا کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے نظام کو دفن کیے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب تک پاکستان کے 22کروڑ عوام ملکر ایسے نظام کو دفن نہیں کریں گے، ’’باب پاکستان‘‘ کا تاریخی مقام عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے متحد ہو کر محنت کرنا ہوگی، دن رات محنت اور قربانیوں سے ملک ترقی کرے گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہزاروں مہاجرین نے باب پاکستان کے مقام پر قیام کیا، والٹن میں مقامی لوگوں نے انصار مدینہ کی طرح مہاجرین کو گلے لگایا، ہمیں پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے متحد ہو کر محنت کرنا ہوگی، دن رات محنت اور قربانیوں سے ملک ترقی کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہم اس مقام پر ایک بار پھر اکٹھے ہوئے ہیں،گزشتہ 25،20سالوں کے دوران میرا اس مقام پر آٹھواں یا دسواں دورہ ہے اور یہ تاریخی مقام ہم سب کو تقسیم ہند کے موقع پر پاکستان آنے والے مہاجرین کی عظیم قربانیوں کی یاد لاتا ہے جنہوں نے خداداد ملک پاکستان کے حصول کیلئے قائد اعظم کی قیادت میں بے مثال قربانیاں دیں اور راستے میں خون کے دریا عبور کئے اور مختلف مقامات پر جو قتل و غارت کا بازار گرم کیا گیا۔ اس کی مثال عصر حاضر کی تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں ماؤں کے آنچل پھٹے بزرگوں، جوانوں، بیٹیوں اور بچوں نے شہادت کا جام نوش کیا تب جاکر یہ خداداد ملک پاکستان معرض وجود میں آیا اور یہ والٹن وہ مقام ہے جہاں پر ہزاروں مہاجرین نے آکر قیام کیا اور مقامی لوگوں نے انصار مدینہ کی یاد تازہ کی۔ ان کو گلے سے لگایا اپنے گھر کا فرد بنایا ان کیلئے کھا نا، دوائی، رہنے کیلئے چادر کمبل مہیا کی اور یہ ایک ایسی مثال ہے اور اس طرح کی دوسری مثالیں اس زمانے میں یاد رکھی جائیں گی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ 1948ء میں قائداعظم محمد علی جناح خود اس مقام پر تشریف لائے ، باب پاکستان کا منصوبہ جس نے پوری دنیا کو پاکستان کی تاریخ بتانی تھی، اس منصوبے کا1991میں اس وقت کے وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب غلام حیدر وائیں نے سنگ بنیاد رکھا تھا، 1997ء میں مسلم لیگ( ن) کا دوبارہ دور آیا تو ہم نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے کیلئے تیزی سے کام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ1999ء میں مسلم لیگ( ن )کی حکومت چلی گئی پھراللہ تعالیٰ نے دوبارہ ہمیں ملک کی خدمت کرنے کا موقع دیاتو میں نے خواجہ سعد رفیق کے ساتھ ملکر اس منصوبے کی تکمیل کیلئے جدوجہدکا آغاز کیا، انہوں نے یاد دلایا کہ 2008ء میں مشرف کے دور میں پنجاب حکومت نے اس منصوبے کا ٹھیکہ دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس منصوبے پر پاکستان جیسے غریب ملک کے ایک سو دس کرورڑ روپے دفن ہو چکے ہیں اور وہ کھنڈرات وہیں کے وہیں ہیں، گذشتہ ادوار میں اٹلی سے 90کرورڑ روپے کی گرینائٹ باب پاکستان کے مینار پر لگانے کیلئے منگوانے کا کہا گیا،کیا ایک غریب ملک جہاں پر تعلیم کا حصول، ایک وقت کی روٹی کمانا اور ادویات کا مسئلہ ہے ، وہاں پریونیورسٹیاں بنانی ہیں اور ملک کو ترقی کی جانب لے کر جانا ہے وہاں پر 90کروڑ روپے گرینائٹ لگا کر آپ دنیا کو یہ د کھانا چاہتے ہیں کہ ایک غریب ملک پاکستان اپنی غربت اور محرومیوں کی عکاسی کررہا ہے۔ ان تمام چیزوں کا کسی کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ اس وقت تک ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، یہ ایک منصوبہ نہیں بلکہ اس طرح کے کئی منصوبوں کی مد میں پاکستان کے اربوں کھربوں دفن ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمت ہارنے کی کوئی ضرورت نہیں ،مشکلات آتی ہیں، آج بھی حالات کٹھن ہیں مگر میرا یمان ہے کہ ہم سچے دل سے ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کریں گے اور شبانہ روز محنت کریں گے تو انشاء اللہ 75سال میں یہ کشتی جو ہچکولے کھاتی رہی ضرور منجدھار سے نکل کر کنارے پر لگے گی۔ وفاقی وزیر ہوابازی وریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آ ئی دور میں110 کروڑ روپے اس منصوبے پر کرپشن کی نذرر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کے ہر دور میں باب پاکستان کے منصوبے پر کام ہوا، اس منصوبے سے والٹن روڈ کے رہائشیوں کو فائدہ ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے دور میں یہاں پارکس، روڈز اور دیگر منصوبے بنے۔ انہوں نے کہا کہ باب پاکستان منصوبے پر سرکاری خزانے کا استعمال نہیں کیا جائے گا، والٹن میں باب پاکستان کا خواب غلام حیدر وائیں محروم نے دیکھا تھا۔ مزید برآں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شام کے وزیرِ اعظم حسین آرنوس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،. وزیرِ اعظم نے حسین آرنوس سے شام میں زلزلے سے شدید جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے حسین آرنوس کی ہمشیرہ، ان کے گیارہ بچوں اور پوتوں اور نواسوں کی ہلاکت پر تعزیت اظہار کیا، ان کی بلندی درجات اور سوگواران کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی. وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام شام میں آنے والے شدید زلزلے میں قیمتی جانوں کے المناک نقصان اور املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پر گہرے رنج و غم میں مبتلا ہیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی طرف سے شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی کاوشوں کے بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے فوری طور پر اپنے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اس مشکل وقت میں ہم اپنے شامی بھائیوں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کریں۔ ایک امدادی طیارہ بھجوایا جا چکا ہے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے 44 ویں یومِ انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ایرانی حکومت اور برادر ملک ایران کے عوام کو اسلامی انقلاب کی 44 ویں سالگرہ اور ایران کے قومی دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مذہب، تاریخ اور ثقافت کے مشترکہ رشتوں سے جڑی ہوئی ہیں۔
ترقی کیلئے جس کی لا ٹھی اسکی بھینس کا نظام دفن کرنا ہو گا : وزیراعظم
Feb 12, 2023