کراچی (اسٹاف رپورٹر) میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے صدر سید ذوالفقار شاہ، قائدین اشرف اعوان، جاوید بلوچ، گل اسلام، حبیب الرحمن اعوان، وارث گلناز، سید عمران علی، راجہ عاصم شہزاد، جہانگیر شاہ، بشیر مسیح اور دیگر نے کہا ہے کہ کے ایم سی میں فوتگی کوٹے کے 2018 سے بھرتی نہ ہونے سے 400 مرحوم ملازمین کی فیملیاں سخت کسمپرسی کے عالم میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئی ہیں۔ اسی طرح 2016 سے ریٹائر اور وفات پاجانے والے ملازمین کو واجبات ادا کرنے کے بجائے قسطوں میں 20 فیصد سے 50 فیصد تک نوٹ شیٹس کے ذریعے ادائیگیاں 2020 اور 2022 کے ریٹائر ملازمین کو دینے سے ایک جانب تو ان ملازمین کی یکمشت رقم کو اقساط میں ادا کرکے ان کی ضروریات کو محدود کردیا گیا تو دوسری جانب حقدار ملازمین اپنے حق سے محروم ہوگئے ہیں اور عدالتی فیصلے کی بھی دھجیاں بکھیردی گئی ہیں۔ اس ناانصافی کے خلاف جلد کے ایم سی ہیڈ آفس میں دھرنا دیا جائے گا۔