کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) کے 289 نئے بھرتی ہونے والے کراچی رینج کے امیدواروں میں تقرر نامے تقسیم کئے۔نئے بھرتی ہونے والے امیدواروں کی کمانڈوز، لیڈی کمانڈوز اور ڈرائیور کانسٹیبلز کی خالی آسامیوں پر تقرری کی گئی۔ امیدواروں کو پاکستان ٹیسٹنگ سروس (PTS) کی جانب سے لئے گئے جسمانی، تحریری اور سائیکو میٹرک ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد انٹرویواور طبی ٹیسٹ کے مرحلے سے گزارا گیا۔ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے اس موقع پر کہا کہ تمام بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں، کراچی رینج میں 50,000 سے زائدامیدواروں نے درخواستیں دی تھیں جن میں 289 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور صوبے کی 03 ریجنز (کراچی، حیدرآباد،سکھر) سے شائع کی گئی 2000 آسامیوں کے لئے 150,000 سے زائد درخواستیں وصول ہوئیں۔ میرٹ پر انتخاب سے محکمہ پولیس میں واضح بہتری اور تبدیلی آئے گی۔بعد ازاں ڈاکٹر مقصود احمد نے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بین الاقوامی معیار کے قانون نافذ کرنے والے ادارے میں انکا انتخاب قابل فخر ہے۔