گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )ترکیہ اور شام میں زلزلے کے مناظر ہولناک ہیں، مخیر حضرات بزنس کمیونٹی، تاجر برادری اور تمام شعبوں کے افراد مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کی بھر پور مدد کریں ، ضروریات زندگی کی اشیا تین پلائی رضائیاں ، سردیوں کے خیمے، آٹا ، چاول، کوکنگ آئل بوتل پیک، دالیں، معیاری برانڈز کا نمک،مرچ مصالحے ، چینی ، خشک دودھ ، چائے کی پتی وغیرہ ضلعی انتظامیہ کے قائم کردہ ریلیف کیمپوں میں جمع کروائیں ، امدادی رقوم وزیراعظم ریلیف فنڈ میں جمع کروا سکتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے اجلاس کے دوران کیا،انہوں نے کہاکہ کہ ترک بھائیوں نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستانیوں کی مدد کی اور مصیبت کی اس گھڑی میں انکی مدد کرنا ہماری بھی دینی اخلاقی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ حالیہ خوفناک اور قیامت خیز زلزلے میں ترکیہ اور شام میں 23ہزار سے زائد افراد کی شہادت کے علاہ 80 ہزار سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے اور اس کے علاہ لاکھوں افراد بے گھر ہیں جنہیں فوری خیموں ، ادویات ، خوراک ، گرم کپڑوں اور دیگر اشیا ضروریہ کی ضرورت ہے ،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)ڈاکٹر مجتبی بھروانہ اسسٹنٹ کمشنرز (سٹی) وقاص صفدر ، صدر توصیف حیدر ، کامونکی خرم مختار ، نوشہرہ ورکاں طارق اظہراور دیگر افسر وں نے شرکت کی جبکہ ، کلاتھ مارکیٹ صدر نے ڈپٹی کمشنر کو پیر کے روز کلاتھ مارکیٹ بورڈ میں فنڈ ریزنگ مہم کے لیے دعوت بھی دی ۔