اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے بعض سینئر رہنماؤں نے بلاول بھٹو کو اپوزیشن لیڈر بننے کی تجویز دے دی۔ ان رہنماؤں نے کہا کمزور اتحادی حکومت کا حصہ بننے کے بجائے اپوزیشن میں بیٹھنا بہتر ہے۔ پارٹی رہنما فیصل کریم کنڈی نے تجویز دی کہ بلاول بھٹو ایک مستحکم اتحاد میں وزیراعظم کا عہدہ حاصل نہیں کرتے تو ہمیں اپوزیشن کا انتخاب کرنا چاہئے۔ ہمیں اپنی پارٹی کو ترجیچح دیتے ہوئے اپوزیشن کے عہدے سے عوام کی خدمت جاری رکھنی چاہئے۔ ایک اور رہنما نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ بلاول بھٹو اگر وزیراعظم نہیں بن سکتے تو مضبوط اپوزیشن لیڈر بنیں۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں کو تجاویز کل پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) اجلاس میں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔