گجرات (نامہ نگار) ظہور پیلس گجرات کو پولیس نے حصار میں لے لیا، چاروں اطراف جانیوالے راستے سیل بھاری نفری تعینات۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ امیدوار این اے 64 قیصرہ الٰہی، امیدوار پی پی 34ثمیرہ الٰہی کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں اور پارٹی رہنمائوں کو آج تیسرے روز بھی ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کے دفتر کے باہر احتجاجی ریلی کی کال دی گئی تھی جس پر ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر کی ہدایت پر ضلع کے مختلف تھانوں کی پولیس کو ظہور پیلس جانے والے راستوں پر تعینات کر کے تمام راستے سیل کر دئیے گئے جبکہ رہائشگاہ کے اردگرد درجنوں دکانیں بند ہونے سے تاجروں کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ پولیس اہلکار ظہور پیلس جانیوالے اور ویڈیو بنانے والے کارکنوں شہریوں کو سرعام تھپڑوں، مکوں، لاتوں سے تشدد کا نشانہ بناتے رہے اور پولیس وین میں ڈال کر تھانوں میں لیجاتے رہے۔ راستے سیل ہونے پر چوہدری شجاعت حسین کی دونوں ہمشیرہ گھروں میں قید ہو کر رہ گئی۔ امیدوار پی پی 34ثمرہ الٰہی نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں بہنیں قومی و صوبائی اسمبلی کی سیٹوں پر امیدوار تھیں، ڈی پی او نے نفری لگا کر دونوں بہنوں کو گھروں میں قید کر رکھا ہے۔ امیدواروں سے ایسا سلوک سمجھ سے بالاتر ہے۔