پشاور (نوائے وقت رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی نے عام انتخابات میں بدترین دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے نتائج مسترد کرنے کا اعلان کر دیا۔ صدر اے این پی خیبرپختونخوا ایمل ولی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات بدترین تھے اور لوگ انتخابات کے نتائج سے پہلے ہی آگاہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی کمزور لوگ لائے گئے اور کٹھ پتلی وزیراعلیٰ لانے کے لیے سیاسی شخصیات کو باہر کیا گیا۔ عوامی نیشنل پارٹی پنجاب میں آزاد آمید واروں کو الگ ٹریٹ کیا گیا تاکہ نواز حکومت بنے جبکہ خیبرپختونخوا میں آزاد امیدواروں کے ساتھ کمپرومائز کیا گیا اور سمجھوتہ کرنے والے امیدواروں کو ریلیف دیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا کے تمام حلقوں کو میڈیا کے سامنے کھولا جائے اور عوامی نیشنل پارٹی جہاں دوسرے نمبر پر تھی وہاں کے حلقے میڈیا کے سامنے کھولے جائیں۔
بدترین دھاندلی، عوامی نیشنل پارٹی نے انتخابی نتائج مسترد کر دیئے
Feb 12, 2024