موغا دیشو؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک فوجی اڈے پر ہوئے حملے میں پانچ فوجی جاںبحق ہو گئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کی مسلح افواج کے تین ارکان اور ایک بحرینی افسر اس حملے میں مارے گئے ہیں۔ وہ لوگ صومالی مسلح افواج کو تربیت دینے کے لیے وہاں موجود تھے۔ یو اے ای کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس حملے میں کچھ فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ذمہ داری شدت پسند تنظیم ’’الشہاب‘‘ نے قبول کر لی۔ ایک افسر نے بتایا کہ حملہ آور ایک نیا تربیت یافتہ صومالی فوجی تھا جسے متحدہ عرب امارات کے زیر انتظام گورڈن نامی فوجی اڈے پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس افسر نے بتایا کہ فوجی نے اماراتی ٹرینرز اور صومالی فوج کے اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ نماز پڑھ رہے تھے، اور اس حملے میں چار اہلکار زخمی جبکہ 5 فوجی ہلاک ہوگئے۔ پاکستان نے صومالیہ میں فوجی اڈے پر دہشتگرد حملے کی مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان صومالیہ کے زیر تربیت فوجیوں پر حملے کی مذمت کرتا ہے۔ ہم یو اے ای، بحرین کی حکومتوں اور متاثرین کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ تمام زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہیں۔ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں صومالیہ کے ساتھ یکجہتی کیلئے کھڑا ہے۔