لاہور(نیوز رپورٹر) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پاکستان و پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز، رانا لیاقت، سعید نامدار، رانا انوار، نادیہ جمشید، ملک مستنصر باللہ اعوان، مصطفیٰ سندھو ،آغا سلامت، اسلم گھمن ،چوہدری محمد علی، میاں ارشد، رانا الیاس، چوہدری عباس، طارق زیدی، مرزا طارق، رانا خالد، طاہر اسلام، غفار اعوان، نذیر گجر، اختر بیگ، مصطفی وٹو ودیگر نے کہا ہے کہ لیو انکیشمنٹ رولز میں غاصبانہ ترامیم اساتذہ سمیت سرکاری ملازمین کے معاشی حقوق پر ڈاکہ ہے۔ ان ظالمانہ ترامیم سے ہر سرکاری ملازم کو ریٹائرمنٹ پر لاکھوں روپے کا نقصان ہو گا جس سے سرکاری ملازمین ریٹائرمنٹ کے بعد کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوں گے۔ سرکاری ملازم ساری سروس اس آس و امید پر گزار دیتا ہے کہ ریٹائرمنٹ پر ملنے والی رقم سے بقیہ ماندہ زندگی احسن طریقے سے گزار سکے گا لیکن لیو انکیشمنٹ رولز میں کی گئیں ظالمانہ ترامیم سے ملازمین کو جان کے لالے پڑے ہیں اور عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں۔ لہٰذا نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اساتذہ سمیت سرکاری ملازمین پر رحم کرتے ہوئے لیو انکیشمنٹ رولز میں کی گئیں ظالمانہ ترامیم کو واپس لے کر سرکاری ملازمین پر احسان عظیم فرمائیں۔