لاہور(خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی سے گوادر تک ہر جگہ یکسوئی کے ساتھ اپنی سیاسی حکمت عملی پر کار بندرہے گی۔ یہ انتخابات مارچ موومنٹ کی طرف ایک سنگ میل ہے۔جماعت اسلامی کی تاریخ ہے کہ جس دور میں بھی جس چیز کو ترجہح دی وہ حاصل کرکے ہی دم لیاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں حلقہ این اے 126،پی پی169کے کارکنان کے اعزاز میں منعقد ہونیوالے تجدید عہد کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابد،صدر سیاسی کونسل میاں ظہور احمد وٹو،ذکراللہ مجاہد،ملک شفیق،خواجہ وسیم،صہیب شریف اور دیگر قائدین موجود تھے۔ امیر العظیم نے کہا کہ ہم کارکنوں کے جوش و جذبے کی تحسین کرتے ہیں اور ملک میں قرآن و سنت کے نفاذ،اسلامی فلاحی ریاست کے قیام سے عدل و انصاف کی فراہمی تک ہم اپنی جوجہد کو جاری رکھیں گے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان نے ملک بھر میں یکسوئی سے انتخابی مہم چلا کر پارٹی منشور اور نظریہ اسلام و پاکستان کے پیغام کو ہر گلی کوچے تک پہنچایا ہے۔ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور مملکت پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی اور فلاحی ریاست بنا کر ہی دم لیں گے۔ حالیہ انتخابات پر اندرون ملک اور بیرونی سطح پر بھی تنقید ہورہی ہے۔