لاہور( کامرس رپورٹر)لاہور ٹیکس بار کے سینئر ممبر سابق چیئرمین سیلز ٹیکس ریفنڈز کمیٹی طارق محمود میونے کہا ہے کہ انتخابات میں مینڈیٹ لینے والی تمام جماعتیں قومی طرز کی حکومت بنائیں۔پاکستان اور اس کی معیشت کو ہمالیہ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے اور موجودہ حالات میں کسی بھی طرح کی غفلت ہمیں تاریکی میں دھکیل دے گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایک مذاکرے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فرمان الٰہی،عرفان خان،ارشد قصوری ،آس محمد،فرحان خان ،محمد ندیم،عبدالحق ،بکرم خان اور دیگربھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ انتخابات ختم ہو گئے ہیں اب سب کو سیاست چھوڑ کر ملک کیلئے اکٹھے بیٹھنا چاہیے۔ موجودہ حالات میں ہر سیاسی جماعت کی قیادت اپنا دل بڑا کرے اور جس کے پاس جتنا بھی مینڈیٹ ہے اسے تسلیم کیا جائے ، یہی وہ فارمولہ ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ملک کو موجودہ مشکل حالات سے باہر نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کے مراحل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے کیونکہ پاکستان کو آنے والے مہینوں میں غیر ملکی قرضوں کی مد میں بڑی ادائیگیاں کرنی ہیں اوریہ اسی صورت ممکن ہے جب عالمی مالیاتی اداروںسے بات چیت کا سلسلہ بغیر تاخیر شروع کیا جائے گا۔
پاکستان ،اس کی معیشت کو ہمالیہ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے:طارق محمود میو
Feb 12, 2024