8 فروی انتخابات نتائج میں ردوبدل سے پاکستان کی دنیا میں ہنسائی ہوئی:جاوید قصوری 

 لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 8 فروری 2024 کو ملک بھر میں عام انتخابات کے نتائج کو جس انداز میں تبدیل کیا گیا اس سے ساری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔ عالمی ادارے، مبصرین اور ممالک تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی اپنے مینڈیٹ پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دے گی۔ملک کو قوم کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بحران کا شکار کر دیا ہے۔عوام میں مایوسی بڑھ گئی ہے۔ دھاندلی اور بدانتظامی کی تحقیقات تک انتخابی نتائج تسلیم نہیں کرتے،تحفظات کو دور کرنے کیلئے آزاد، غیر جانبدار تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کیا۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کرکے25 کروڑ عوام  کا مستقبل داؤ پر لگایا گیا ہے۔ سرکاری نتائج کے اعلان میں تاخیر کرکے آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی۔ الیکشن کو ماضی کی طرح متنازع بنا یا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ جماعت اسلامی لاہو ر کے تمام کارکنان، ورکرز، ووٹر ز اور سپورٹرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی۔ اس کیساتھ شہر بھر میں اپنے ووٹرز کے اعتماد پربھی دل کی گہریوں سے شکرگزار ہوں اور انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ جماعت اسلامی شہر لاہورکی بہتری اور عوام کی خدمت کیلئے ہمہ وقت میدان میں موجود رہے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن