بیروت (این این آئی)ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ ان کا ملک علاقے میں جنگی پھیلا نہیں چاہتا ہے اور نہ ہی لبنان نے خطے میں دشمنی کو بڑھانا چاہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وہ یہاں لبنان کے دورے کے موقع پر پریس سے بات چیت کر رہے تھے۔حسین امیر عبداللہیان نے کہاکہ چار ماہ ہو چکے ہیں جب سے غزہ میں جنگ جاری ہے مگر اس کے باوجود ایران اور لبنان نے جنگ کو پھیلانے کی کوشش نہیں کی۔ جبکہ اسرائیل نے پورے مشرق وسطی کے درمیان آگ کو بھڑکانے کی ایک سیریز شروع کر رکھی ہے۔وزیر خارجہ ایران نے پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ ایران اور لبنان نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں ہے ۔ اسی لئے ہم نے بالکل بھی اس کا پھیلا نہیں چاہا ہے۔پریس کانفرنس کے لیے ان کے ساتھ لبنان کے وزیر خارجہ بھی موجود تھے۔