لاہور‘اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار+خبرنگار)جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان قیصر شریف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک مکمل جمہوری جماعت ہے جو اپنے دستور جو کہ قرآن و سنت کی روشنی میں مرتب کیا گیا ہے کے تحت چل رہی ہے۔دستور کی دفعہ 17(3)(الف) اور4کے تحت امیر جماعت کی مدت امارت ختم ہونے سے تین مہینے پہلے انتخابی کمیشن امیر کے انتخاب کے عمل کا آغاز کرتا ہے۔امیر جماعت کا انتخاب ہر پانچ سال بعد دستور کے مطابق ہوتا ہے۔دستور جماعت اسلامی کے مطابق صدر انتخابی کمیشن جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے امیر جماعت کے انتخاب کے پہلے مرحلے میں شوری کی رائے کے مطابق ارکان جماعت کی راہنمائی کے لیے تین ناموں کا اعلان کیا ہے جس میں سراج الحق،لیاقت بلوچ،حافظ نعیم الرحمان شامل ہیں۔اراکین جماعت اسلامی ان تین کے علاوہ بھی کسی رکن کو امیر جماعت کے منصب کے لیے اپنی رائے دے سکتے ہیں۔قیصر شریف نے کہا کہ امیر جماعت کے انتخاب کے تمام مراحل 31 مارچ2024 تک مکمل کیے جائیں گے جبکہ ماہ اپریل میں صدر الیکشن کمیشن راشد نسیم نتائج کا اعلان کریں گے۔جس کے بعد نو منتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان کسی تقریب میں حلف امارت لیں گے۔جماعت اسلامی پاکستان کا الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے جو پانچ افراد پر مشتمل ہے جن کا انتخاب مرکزی مجلس شوری کرتی ہے جس کے صدر راشد نسیم اور دیگر منتخب اراکین میں بلال قدرت بٹ،سردار ظفر حسین،ڈاکٹر عطا الرحمن اور انجینئیر اخلاق احمد شامل ہیں اس وقت امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی دوسری مدت امارت مکمل کررہے ہیں۔
31 مارچ تک امیر جماعت اسلامی کا انتخاب مکمل ہوگا‘ ترجمان
Feb 12, 2024