حافظ آباد (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) سابق وفاقی وزیر این اے 67 کی سابقہ امیدوار قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ اور حلقہ پی پی 38 کے امیدوار شیخ گلزار احمد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ گلزار احمدکو صبح کے وقت بتایا گیا کہ ان کی دو ہزار ووٹ کی لیڈ ہے لیکن بعد میں انہیں بتایا کہ وہ ہار گئے ہیں۔ جس پر ہم نے آر او حلقہ 38 کو دوبارہ گنتی کی درخواست دی۔ لیکن اس دوران ہمیں کئی شواہد ملے کہ آر۔او 38 کا کسی ایک پارٹی کی جانب جھکائو ہے اور یہ جانبداری سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا حلقہ پی پی 38 کی ہماری یہ سیٹ جیتی ہوئی تھی جسے جان بوجھ کر ہرایا گیا۔ اب ہم نے آر۔او اور ڈی آر او کو درخواست دی ہے کہ ہم دوبارہ گنتی آر او سے نہیں کروائیں گے بلکہ ان سے کہا ہے کہ ہماری دوبارہ گنتی الیکشن کمیشن سے کروائیں اور اس سلسلہ میں ہم نے ای سی کو بھی کاپی بھیج دی ہے کیونکہ ہمیں آر او حلقہ 38پر اعتماد نہیں۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے ڈاکٹر مظفر علی شیخ بھی موجود تھے۔