وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کون ہوگا؟ پی ٹی آئی کے کئی امیدوار سامنے آ گئے

خیبر پختونخواہ میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب پر پاکستان تحریک انصاف میں دھڑے بندی سامنے آ گئی، مختلف گروپس من پسند وزیر اعلٰی لانے پر کوشاں۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق وزیراعلی کے لیے کئی گروپ بن چکے ہیں جس میں سابق اسپیکر اسد قیصر اپنے بھائی عاقب اللہ کو وزیر اعلی بنانے کے خواہاں ہیں، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان سے علی امین گنڈا پور بھی وزیر اعلٰی بننے کے لیے کوشاں ہیں۔ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ عاطف خان اپنے گروپ سے وزیر اعلٰی خیبر پختونخواہ کی نامزدگی کے خواہشمند ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی کے 79 پر نتائج روکنے کے بعد تیمور جھگڑا ایک بار پھر خود بھی اس دوڑ میں شامل ہیں، جبکہ ہزارہ ڈویژن سے مشتاق غنی اور اکبر ایوب بھی وزیر اعلی کے لیے امیدوار ہیں۔عاطف خان کا کہنا ہے کہ امید کرتے ہیں بانی چیئرمین خود وزیر اعلی نامزد کریں گے اور وہی وزیر اعلی ہونا چاہئے جسکا کردار صاف ہو۔جبکہ پی ٹی آئی رہنماء بیرسٹر سیف نے آج نیوز سے گفتگو میں کہا ہے کہ مختلف نام زیر غور ہیں، لیکن پشاور ہائیکورٹ میں چند حلقوں کے نتائج چیلنج کئے گئے ہیں اور ہائیکورٹ میں کل سماعت کے بعد تفصیلی غور ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن