”بشارت ہوئی تھی“ کراچی میں میاں بیوی نے بیٹی قتل کردی‘ دوسری کو مارتے ہوئے پکڑے گئے

Jan 12, 2010

سفیر یاؤ جنگ
کراچی (کرائم رپورٹر + مانیٹرنگ نیوز) کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک میاں بیوی نے اپنی بچی کو قتل کر کے نعش گھر کے اندر دفنا دی جبکہ 4 سال کی دوسری بچی کو مارتے ہوئے پکڑے گئے۔ میاں بیوی نے بتایا کہ انہیں خواب میں ایسا کرنے کی بشارت ہوئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی میں ضعیف الاعتقاد ماں باپ نے شیر خوار بچی کو مار ڈالا جبکہ دوسری کمسن بچی کی جان پولیس کے پہنچنے پر بچ گئی۔ ملزم ندیم ا ور اس کی بیوی ثناءاپنے پیر کے حکم پر چلہ کاٹ رہے تھے جس کے دوران انہوں نے اپنی معصوم بچیوں کو موت کے منہ میں دھکیل دیا۔ جن میں سے ایک جاںبحق ہو گئی جس کو انہوں نے زمین میں گاڑھ دیا۔ ایس پی کورنگی ٹاﺅن کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ مکان میں چارافراد آئے ہیں جن کی سرگرمیاں مشکوک ہیں جس کی بنا پر پولیس نے چھاپہ مارا تو ملزم ندیم نے اندر سے تالا لگا کر دروازہ کھولنے سے انکار کر دیا‘ پولیس دروازہ توڑ کر مکان میں داخل ہوئی تو دونوں میاں بیوی ندیم اور ثناءنے اپنی شیر خوار بچی فضیلت کو ہلاک ہونے کے بعد زمین میں گاڑھ رکھا تھا جبکہ د وسری بچی 4 سالہ مریم کو زنجیروں سے باندھ کر رکھا ہوا تھا پوچھ گچھ پر ملزم ندیم جو فیصل آباد کا رہنے والا ہے اور اس کی بیوی ثناءنے بتایا کہ وہ اپنے پیر صاحب پیر انور شاہ جیلانی جو کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے رہنے والے ہیں کے حکم پر چلہ کاٹ رہے تھے اس مقصد کیلئے نہ صرف انہوں نے آٹھ دن کا روزہ رکھا بلکہ اپنی دونوں بچیوں کو بھی پچھلے چار دن سے کچھ کھانے کو نہیں دیا تھا۔ 4 سالہ مریم قریب المرگ تھی جسے طبی امداد دے کر جان بچالی گئی جبکہ دونوں شقی القلب ماں باپ ندیم اور ثناءکو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مزیدخبریں