کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی کی ”امن کی آشا تحریک“ کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

Jan 12, 2010

سفیر یاؤ جنگ
لندن (آصف محمود سے) کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی نے مسئلہ کشمیر کو نظرانداز کرکے امن کی آشا کیلئے شروع کی گئی مہم کے خلاف ایک مشترکہ اجلاس میں متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کی لاشوں کے ساتھ غداری قرار دیدیا ہے۔ کشمیری جماعتوں کی نمائندہ تنظیم کے ہیڈ آفس کشمیر ہاﺅس برمنگھم میں ہونیوالے گذشتہ روز ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر محمد غالب نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا سب سے بڑا سبب مسئلہ کشمیر ہے جو گذشتہ 60سال سے التوا کا شکار ہے۔ مسئلہ کشمیر کو ایک طرف رکھنے سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ یو کے اسلامک مشن کے صدر سرفراز مدنی نے کہاکہ کسی بھی یکطرفہ مہم کے نتائج برآمد نہیں ہو سکتے کیونکہ بھارتی میڈیا خطے میں امن کیلئے کشمیر جیسے بنیادی مسئلے کو کوئی اہمیت نہیں دیتا۔ بھارت نے ہمیشہ مذاکرات کے نام پر وقت ضائع کیا اور ہمیشہ امن کے قیام پر شروع کی جانیوالی ہر مہم کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا ہے اور اب بھی بھارتی حکمران امن کی آشا مہم کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ پاکستان رابطہ کونسل اور کنفیڈریشن آف سنی مساجد کے سیکرٹری جنرل مولانا بوستان نے کہاکہ ایک طرف پاکستان کو جنگ کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور دوسری طرف امن کی باتیں کرنا ایک دھوکہ ہے‘ ہم کسی دھوکے باز مہم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے سیکرٹری جنرل مفتی عبدالمجید ندیم نے کہاکہ پاکستان کے حکمرانوں اور میڈیا کو بھارت کی کسی سازش کا حصہ نہیں بننا چاہئے۔ بھارتی میڈیا نے کبھی اپنی عوام میں مسئلہ کشمیر کو روشناس نہیں کروایا۔ مسلم کانفرنس کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہاکہ امن کی آشا کشمیریوں کیلئے کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔ اس موقع پر محاذ رائے شماری کے سربراہ مرزا صدیق ، حسین مغل اور تحریک استحکام پاکستان کے عبدالکریم ثاقب کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
مزیدخبریں