لاہور (ایف ایچ شہزاد سے) ماتحت عدالتیں گذشتہ سال 2011ءمیں بھی جوڈیشل پالیسی میں زیر التوا مقدمات کو نمٹانے کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہیں تاہم سال کے دوران نئے دائر کردہ ایک لاکھ 35 ہزار 9 سو 32 مقدمات کے مقابلے میں 8291 مقدمات زیادہ نمٹائے گئے جس کی وجہ سے زیر التوا مقدمات میں معمولی کمی ہوئی۔ ماتحت عدالتوں کی طرف سے اعلیٰ عدلیہ کو بھجوائی گئی رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال سول شعبے میں صرف 374 زیر التوا مقدمات کم ہو سکے جبکہ زیر التوا فوجداری مقدمات کی تعداد 8,234 مقدمات کی کمی ہوئی۔ گذشتہ سال نئے دائر ہونے والے سو ل مقدمات کی تعداد 76,562 اور فوجداری مقدمات کی تعداد 59,370 رہی۔ عدالتی ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب بھی بیشتر عدالتوں میں روزانہ ایک سو سے زائد مقدمات سماعت کےلئے پیش کئے جاتے ہیں اگرچہ گذشتہ سال سول عدالتوں میں ججوں اور ماتحت عملے کی تعداد میں اضافہ کیا گیا مگر موجودہ تعداد مقدمات میں اضافے کی شرح سے اب بھی کم ہے۔ اس کے علاوہ ماتحت عدالتوں میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ اور کا متبادل انتظام نہ ہونا بھی زیر التوا مقدمات کو نمٹانے میں ناکامی کی ایک وجہ ہے۔