بے گھر افراد میں تین اور پانچ مرلہ کے 6 لاکھ پلاٹ تقسیم کئے جائینگے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی شہباز شریف نے اعلی سطحی اجلاس میں صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کو صوبے میں عوام کے فلاحی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ چودھری نثار، صوبائی وزرائ، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات، مختلف محکموں کے سیکرٹریوں اور ڈویژنل کمشنرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی فلاح و بہبود کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور اس ضمن میں متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام اور غریب آدمی کا اپنی چھت کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کا سہرا مسلم لیگ ن کے سر ہے جس نے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آشیانہ ہاﺅسنگ سکیموں کا اجرا کیا اور ان سکیموں میں اشرافیہ کی رہائشی کالونیوں سے بڑھ کر جدید سہولتیں فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں سروبہ اٹاری کے مقام پر پہلی آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کے بعد نہ صرف اس سکیم میں توسیع کی جا رہی ہے بلکہ صوبے کے 17 دیگر اضلاع میں بھی ان سکیموں کے لئے اراضی کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں آشیانہ 2 پر بھی جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کے لئے 22 ماڈل دیہات قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیہی وشہری علاقوں میں بے گھر افراد کو گھروں کی تعمیر کے لئے 3 اور 5 مرلہ پلاٹس تقسیم کرنے کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے تحت دیہی علاقوں میں ایک لاکھ پلاٹس تقسیم کئے جائیں گے جب کہ شہروں اور قصبوں میں 5 لاکھ پلاٹوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹیوں نے اراضی کی نشاندہی کا عمل مکمل کر لیا ہے اور نشاندہی کئے گئے قطعات اراضی کے مناسب ہونے اور یہاں سہولیات کی دستیابی کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو آئندہ سات روز میں اس حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ کمشنر اور متعلقہ محکمے اس ضمن میں مزید مناسب اراضی کی نشاندہی کا کام جلد مکمل کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد میں گھروں کی تعمیر کے لئے پلاٹوں کی تقسیم کا کام بھی نہایت شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے بارے میں بھی پالیسی مرتب کی جا رہی ہے اور اسے جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ میاں نواز شریف نے حکومت پنجاب کے عوام کے لئے فلاحی منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عام اور غریب آدمی کی فلاح وبہبود ہی حکومت کی تمام تر ترجیحات کا محور ہونا چاہئے۔ ملکی وسائل پر غریب اور عام آدمی کا پورا حق ہے۔ انہوں نے کہا اوقاف سمیت مختلف محکموں کے پاس بے کار پڑی ہوئی سرکاری اراضی کو عوام کے فلاحی منصوبوں اور انہیں تفریحی سہولتوں کی فراہمی کے لئے استعمال میں لانے کا جائزہ لیا جائے، بے گھر افراد میں پلاٹوں کی تقسیم کی سکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ اراضی کی نشاندہی کی جائے تاکہ بڑی تعداد میں بے گھر، غریب اور بے کس افراد اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔ 3 اور 5 مرلہ سکیم کے تحت شہروں اور قصبوں میں منصوبے کا جلد آغاز کیا جائے۔ خبر نگار کے مطابق ضلع کونسل لاہور کے سابق چیئرمین چودھری اعجاز ڈیال نے گذشتہ روز ماڈل ٹاون میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خصوصاً لاہور کے دیہی انتخابی حلقوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن