لاہور (کامرس رپورٹر) پیپکو ذرائع کے مطابق بجلی کی قلت کے حجم میں اضافہ تربیلا اور منگلا ڈیم سے پانی کے اخراج میں کمی کے باعث ہائیڈل بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث ہوا ہے۔ ہائیڈرل بجلی کی پیداوار موسم سرما میں کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور اسکا حجم تقریباً 400میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے جبکہ تھرمل پاور جنریشن کا حجم بھی 8ہزار میگاواٹ کے لگ بھگ ہے اس کی بنیادی وجہ آئی پی پیز کو واجبات کی عدم ادائیگی ہے اس وقت سرکلر ڈیٹ کا حجم 300ارب روپے کے لگ بھگ ہے اس کے علاوہ کئی تھرمل پاور پلانٹس گیس کی عدم فراہمی کے باعث گذشتہ کئی ماہ سے بند ہیں۔ دریں اثناءپیپکو کے ذرائع نے بجلی کے واجبات میں عدم وصولی کے حوالے سے بتایا کہ پیپکو کا کام پالیسی ترتیب دینا ہے جبکہ واجبات کی وصولی کی حکمت عملی ڈسٹری بیوشن کمپنیاں خود تشکیل دیتی ہیں وہ نادہندگان کو واجبات کی وصولی کے لئے نوٹس بھیجتے ہیں لیکن اس ضمن میں چند مسائل بھی ہیں۔ واسا اور ہسپتالوں کی بجلی زیادہ دیر تک بند نہیں کر سکتے کیونکہ اس صورت میں شہری شدید پریشانیوں سے دوچار ہو جاتے ہیں۔ اس کے باوجود ڈسٹری بیوشن کمپنیاں واجبات وصول کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔