کراچی (کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) ہفتہ کو فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں باپ بیٹے سمیت مزید 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ لیاری کے مختلف علاقوں میں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم ہوا اور علاقہ بموں کے آزادانہ استعمال سے دھماکوں سے گونجتا رہا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ایک شخص کی شناخت 25 سالہ زاہد ابراہیم کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والوں میں لیاری گینگ وار کے اہم ملزم ملا نثار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ مسلسل فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ حالات کشیدہ ہونے کے باعث علاقے میں رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی اور انہوں نے صورتحال پر قابو پا لیا۔ ادھر منگھو پیر میں سیمنٹ فیکٹری کے گیٹ کے سامنے کچی آبادی میں موٹر سائیکل سواروں نے سبزی فروش باپ بیٹے 45 سالہ لیاقت اور 12 سالہ نعیم کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ مقتولین اسی علاقے کے رہائشی تھے۔ پاک کالونی تھانے کی حدود میوہ شاہ قبرستان سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق نوجوان کی شناخت عبدالقیوم بلوچ کے نام سے ہوئی۔ بلال کالونی تھانے کی حدود کورنگی منی بس کے آخری سٹاپ پر الیکٹرانک کی دکان پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس سے 50 سالہ شخص ہلاک، 28 سالہ ناصر زخمی ہوگیا تاہم ہلاک ہونے والی شخص کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔ اورنگی ٹاو¿ن تھانے کی حدود میں پانی، بجلی اور گیس کی عدم فراہمی کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں دو گروپوں میںمسلح تصادم ہوگیا۔ پولیس اور رینجرز نے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا تاہم فائرنگ کی زد میں آکر گلشن بہار کا رہائشی گورنمنٹ کالج فارمین کا طالب علم 17 سالہ شہریار پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ دوسری جانب رینجرز نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کر کے 8 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرلیا۔ میٹروول سے اسلحہ سمگلر شوکت کو پولیس نے قابو کر لیا۔
کراچی/ ہلاکتیں
کراچی: فائرنگ، سبزی فروش باپ بیٹے سمیت 7 افراد قتل، لیاری میں جھڑپیں
کراچی: فائرنگ، سبزی فروش باپ بیٹے سمیت 7 افراد قتل، لیاری میں جھڑپیں
Jan 12, 2014