راولپنڈی + ہنگو (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ اعتزاز حسن قوم کے ہیرو ہیں۔ اعتزاز نے قربانی اور بہادری کی شاندار مثال پیش کی شہید طالب علم کے والد کے نام پیغام میں آرمی چیف نے کہا کہ قوم کو اس نوجوان ہیرو پر فخر ہے۔ اعتزاز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا پندہ سال کے نوجوان کی آج کی قربانی ہمارے کل کے لئے ہے۔ علاوہ ازیں اعتزاز حسن کے قبر پر آرمی چیف، آئی جی ایف سی، کور کمانڈر پشاور کی جانب سے پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی اس موقع پر شہید کی قبر پاک آرمی کی جانب سے سلامی دی گئی اور بگل بجایا گیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ قبر پر پھول چڑھانے کے بعد تینوں مسلح افراد کے افسران ان کے گھر گئے، شہید کے والد اور خاندان والوں سے تعزیت کی۔ اس موقع پر شہید کے والد مجاہد علی اور بڑے بھائی مجتبیٰ حسن نے کہا کہ ہم اپنے شہید بیٹے کی قربانی پر فخر کرتے ہیں یہ پورے ملک اور دنیا کے لئے ایک مثال ہے، پاک آرمی نے آج ہماری حوصلہ افزائی کی ابھی تک کسی حکومتی نمائندے نے ہمارے ساتھ رابطہ نہیں کیا۔ میرے بیٹے نے اپنی جان دے کر 900 سے زائد طالبعلموں کی جان بچائی۔ انہوں نے کہاکہ صرف مجھے ہی نہیں بلکہ میرے پورے خاندان اور پاکستانی قوم کو اعتزاز کی شہادت پر فخر ہے۔ دوسری جانب علاقہ کے لوگوں نے اعتزاز کے سکول کے طلبا نے بڑی تعداد میں ان کی قبر پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ خیبر پی کے حکومت کے کسی وزیر یا مشیر کے اعتزاز کی قبر پر حاضری نہ دینے پر لوگوں نے غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔
اعتزاز نے بہادری کی مثال قائم کی جنرل راحیل، آرمی چیف کی جانب سے قبر پر پھول چڑھائے گئے
Jan 12, 2014