لاہور (خصوصی رپورٹر) (ق) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کیس کے بارے میں ن لیگ والے کہتے ہیں کہ ہم ہسٹری کو ٹھیک کر رہے ہیں، کہیں یہ ٹھیک کرنے کے چکر میں مزید خراب نہ کر دیں پرویز مشرف پر مشکل وقت ہے ان کے کیس میں ہمارا موقف اصولی ہے، ہم نے آخر وقت تک نواز شریف کا بھی ساتھ دیا، وہ اچانک ہمیں پارٹی سے نکال کر سعودیہ چلے گئے تو بھی یہاں ان کے بچوں اور کاروبار کو تحفظ دیا۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے موجودہ حکومت کے 5 سال پورے کرنے کے بارے میں پوچھنے پر کہا کہ پچھلی حکومت نے 5 سال پورے کئے یہ بھی 5 سال پورے کر لیں، مدت پوری کرنے والے افراد میٹر نہیں کرتے بلکہ نظام میٹر کرتا ہے یہ چلنا چاہئے۔ صدر زرداری بہت بہتر انسان نظر آئے، ان کے ساتھ کام کرنے کا زیادہ موقعہ نہیں ملا مگر انہوں نے کبھی کسی کام میں مداخلت نہیں کی جبکہ پرویز مشرف بھی انتظامی امور میں مداخلت نہیں کرتے تھے۔ پرویز مشرف کی حمایت کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ ہماری خاندانی روایت ہے کہ ہم مشکل میں کسی کو نہیں چھوڑتے، پرویز مشرف اس وقت مشکل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم منفی سیاست نہیں کرتے، آج سب کہتے ہیں کہ مشرف آپ کے خلاف تھا تو آپ نے اس کی مدد کیوں کی؟ جبکہ ن لیگ والے ہمارے بچوں پر کیس بناتے رہے، ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں لیکن اللہ کے فضل سے ہم عدالتوں سے سرخرو ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے ساتھیوں سے ملاقات ہو تو میں یا چودھری شجاعت حسین صاحب گلہ نہیں کرتے کیونکہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں۔ ایک اور سوال پر انہوں ے کہا کہ جنرل پرویز کیانی کا دور اچھا تھا، سوات میں انہوں نے قیام امن کیلئے کامیاب آپریشن کیا۔
پرویز الٰہی