اسلام آباد (محمد فہیم انور / نوائے وقت نیوز) دفاعی و عسکری تجزیہ نگاروں نے بھارتی وزیر داخلہ سشیل کمار سندے کی طرف سے پاکستان میں خفیہ آپریشن کرنے کی دھمکی کو بھارت کی روایتی گیڈر بھبکیاں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اب کبھی بھی نیو کلیئر صلاحیت کے حامل پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرا¿ت نہیں کر سکتا۔ دفاعی تجزیہ نگاروں لفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل اور لفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ اول تو بھارت پاکستان میں کوئی خفیہ آپریشن نہیں کرے گا اور اگر اس نے ایسا کیا تو پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہو گا۔ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کا منہ توڑ جواب دیں گی۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل نے کہا کہ بھارت کے کسی وزیر کی جانب سے اس قسم کے بیانات کوئی نئی بات نہیں۔ بھارت کو کبھی بھی پاکستان کا قیام ہضم نہیں ہوا۔ ان کے وزیر داخلہ کا پاکستان میں خفیہ آپریشن کی دھمکی دینا محض ایک گیڈر بھبکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوکلیئر صلاحیت کا حامل ہے۔ ایٹمی پاکستان کے خلاف اس قسم کی کارروائی کا بھارت سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے وضاحت طلب کرنی چاہئے۔بھارتی حکومت کے اہم وزیر کی جانب سے ایسے بیانات آنے سے دونوں حکومتوں کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں کشیدگی کا باعث بن سکتے ہیں۔
دفاعی تجزیہ نگار