پیرس (بی بی سی) فرانس کے اخبارات میں صبح صبح سکوٹر پر سوار کالا ہیلمٹ پہنے فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند کی تصاویر شائع ہوئیں جنہیں ان کی مبینہ معشوقہ کے اپارٹمنٹ میں اتارا جا رہا تھا۔ یہ تصاویر اس مبینہ معشوقہ کے اپارٹمنٹ کے سامنے واقع اپارٹمنٹ سے لی گئی ہیں۔ تصاویر کے ساتھ آنے اور جانے کے اوقات حتیٰ کہ انکے خفیہ محافظ کو بھی نوٹ کیا گیا جو صبح کے وقت کروسوں پہنچانے کیلئے آیا تھا۔ جریدے کلوزر نے سات صفحات پر ان تمام آنے جانے کی تفصیلات کو شائع کیا ہے۔ یہ مبینہ معشوقہ فرانسیسی فلمی اداکارہ ژولی گائیے ہیں جو صدر فرانسوا اولاند کی اہم حمایتی ہیں۔ یہ اپارٹمنٹ ایلیزے محل جو فرانسیسی صدر کی سرکاری رہائش گاہ ہے سے 300 میٹر کے فاصلے پر ہے مگر ایک صدر ہونے کے ناطے ہیلمٹ اور سکوٹر پر سواری کی ضرورت پڑی۔ صدر کے دفتر نے ان تفصیلات کے جواب میں شدید غصے میں ردِ عمل دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسوا اولاند ان کی ذاتی زندگی میں مخل ہونے کے اس طریقے پر غصے میں ہیں جس پر ہر فرانسیسی شہری کا حق ہے۔ وہ ممکنہ قانونی اقدامات پر بھی غور کر رہے ہیں۔