لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ آج تعلیمی ادارے کھل رہے ہیں۔ ایک ایک سکول اور بچے کی حفاظت حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ خدانخواستہ دوبارہ کسی سکول یا بچے کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار حکمران ہونگے۔ انہوں نے آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ’’جرات مند اور غازی بچو! قوم آپ کے عزم، جذبہ اور جرات کو سلام پیش کرتی ہے، آپ ہمارا مستقبل ہو، آج اس عزم کے ساتھ مادر علمی قدم رکھو کہ پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک اور امن کا گہوارہ بنا کر اپنے شہید طالبعلم ساتھیوں کی شہادت کا بدلہ لیں گے‘‘ انہوں نے مرکزی میڈیا سیل سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کے سیاسی منصوبوں کے اعلانات کی بجائے عوام کے جان و مال کی حفاظت پر توجہ دی جائے۔ اس وقت قوم اپنے جان و مال کی حفاظت کیلئے فکرمند ہے اور حکمران ان نازک لمحات میں بھی سیاست چمکانے سے باز نہیں آ رہے۔ افسوس ان حکمرانوں کے پاس سکولوں کی حفاظت، چار دیواری، بجلی، پانی اور واش روم دینے کیلئے تو وسائل نہیں لیکن ٹیکسیوں، میٹرو بسوں، فلائی اوورز کیلئے بے اندازہ وسائل ہیں۔
دوبارہ کسی سکول یا بچے کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار حکمران ہونگے: طاہر القادری
Jan 12, 2015