لاہور (خبرنگار+ این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ داعش کو فرقہ وارانہ فسادات کے لئے امریکہ سمیت چند مسلم ممالک کی سپورٹ حاصل ہے، دہشتگردی فوجی عدالتوں اور پھانسیوں سے ختم نہیں ہو گی بلکہ اس کیلئے ملک سے غربت، ناانصافی کا خاتمہ اور دہشتگردوں کی مالی اور سیاسی سپورٹ کرنے والے ممالک سے دوٹوک الفاظ میں بات کرنا ہو گی، ریاست کے اندر تضاد ہے اور حکومت اپنے ملک کے عوام کو ہی دشمن سمجھتے ہوئے قوانین لا رہی ہے، موجودہ پیپلز پارٹی زرداری لیگ ہے، موجودہ حکمران کوئی اور بھٹو نہیں چاہتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں صفانوالہ چوک میں پارٹی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پنجاب کے صدر نثار ایڈووکیٹ‘ لاہور کے صدر نصر علی شاہ اور جنرل سیکرٹری جاوید معظم سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ ریاست کی سختی صرف عوام کے اُوپر ہے، حکمران سمجھتے ہیں کہ عوام دشمن ہیں اور پی پی او جیسے قوانین کا اجراء اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ریاست آپریشن کی بات کرتی ہے جبکہ کچھ گروہ طالبان کو سپورٹ کر رہے ہیں ۔ اگر اندر سے لوگ ملوث نہ ہوں تو پشاور جیسے حملے نہیں ہو سکتے۔ ہمیں دہشتگرد تنظیموں سے مذاکرات کرنے کی بجائے ان سے نمٹنا چاہئے اور چین ‘ روس سمیت دیگر ان ممالک سے بات کرنی چاہئے جو دہشتگردی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کامیابی کیلئے سول اور ملٹری قیادت میں اتحاد ہونا چاہئے، دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنی ہے تو عوام کو کردار دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ملک کے دشمنوں سے دوستی نہ کریں بلکہ اپنی خارجہ پالیسی کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔ ہلیری کلنٹن نے اپنی کتاب میں خود کہا ہے کہ داعش ہماری تخلیق ہے اور سب جانتے ہیں کہ القاعدہ کو بھی امریکہ نے بنایا۔