اوباما کے دورہ پر سکیورٹی خدشات کا بہانہ: بھارت نے150 پاکستانی زائرین کے ویزے منسوخ کر دئیے

Jan 12, 2015

نئی دہلی (صباح نیوز+ آن لائن) بھارتی اخبار کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما کے دورے کے دوران سیکورٹی کو یقینی بنانے کے بہانے بھارتی حکام نے 150 سے زائد پاکستانی زائرین کے ویزے منسوخ کردیئے جنہوں آگرہ میں حافظ عبداللہ شہاب رحمتہ اللہ کے سالانہ عرس میں شرکت کرنا تھی۔ بھارتی اخبارٹائمز آف انڈیاکے مطابق بھارت کی ایک مقامی انٹیلی جنس یونٹ (لیو) نے150 سے زائد پاکستانی زائرین کے ویزے کی منسوخی کی درخواست کی ہے۔یہ قدم امریکی صدر بارک اوباما کے دورے کے دوران سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے اٹھایا گیا ۔پاکستانی زائرین کی ایک بڑی تعداد نے بھارت کے شہر آگرہ میں روئی کی منڈی کے مقام پر حافظ عبداللہ شہاب کے سالانہ عرس میںشرکت کرنا تھی۔ رواں برس بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں اوباما مہمان خصوصی ہیں اور تاج محل دیکھنے کے لئے آگرہ کا دورہ کرسکتے ہیں ۔ انٹیلی جنس یونٹس کے اعلی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے زائرین کی بڑی تعداد ہونے کی وجہ سے سیکورٹی کے جامع انتظامات کی ضرورت پڑے گی۔عرس کے موقع پر بڑی تعداد میں سکیورٹی چاہیے اور اور اس کے ساتھ وی وی آئی پی کے دورے کے لئے بھی پولیس فورس مختص ہوگی۔ ایس ایس پی آگرہ مودک راجیش دنیش راوکا کہنا تھا کہ اوباما کا دورہ شیڈو ل ہے اور عرس کے زائرین کے لئے بھی سخت سکیورٹی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہم ایسے مذہبی اجتماعات کے موقع پر کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتے۔ اسی وجہ سے ہم نے پاکستانی زائرین کے ویزوں کی منسوخی کا آغاز کیا ہے ۔تاہم انہوں نے اس پر افسوس کا اظہار کیا کہ رواں برس پاکستانی زائرین عرس میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔درگاہ کے منیجر کا کہنا تھا ہمیں مایوسی ہوئی کہ رواں سال عرس پر پاکستانی زائرین کی شرکت متوقع نہیں۔

مزیدخبریں