مصباح الحق کا ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

Jan 12, 2015

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) غیر ملکی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ مصباح الحق نے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی مصباح الحق کریں گے۔ مصباح الحق نے پی سی بی کو ریٹائرمنٹ سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ مصباح الحق ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھیں گے۔ رواں سال بھارت، سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہوں گی۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کی جگہ کسی نوجوان کھلاڑی کو کپتان بنایا جائے گا۔ مصباح الحق 153 ون ڈے میچز میں 4669 رنز بنا چکے ہیں جن میں ایک بھی سنچری شامل نہیں۔ ان کا زیادہ سے زیادہ سکور 96 رنز ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے اور ٹی 20 نہیں کھیلوں گا۔ ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کا مناسب وقت ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔ کرکٹ بورڈ کو ریٹائرمنٹ سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے بھی مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کر دی۔ انہوں نے کہا کہ مصباح الحق کو شایان شان طریقے سے رخصت کیا جائے گا۔کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ اپنے کیریئر سے خوش ہوں، کچھ لوگ تنقید برائے تنقید کرتے ہیں وہ کبھی خوش نہیں ہو سکتے، ورلڈ کپ قریب ہے فٹنس پر توجہ دے رہا ہوں، ورلڈ کپ میں ایک سے زیادہ سنچری بنانا چاہتا ہوں، ٹیم میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں، ورلڈ کپ ضرور جیتیں گے، ریٹائرمنٹ کا فیصلہ قریبی لوگوں کے مشورے سے کیا، کچھ قریبی لوگوں سے مشورہ نہیں کر سکا ان سے معافی چاہتا ہوں۔ میدان میں جیت کیلئے اترتے ہیں، ورلڈ کپ جیتنے کی خواہش ہے اور جذبہ بھی ہے۔ بڑا بول نہیں بولنا چاہتا، کوشش ہو گی کہ ورلڈ کپ جیتیں۔ کوئی ناراض نہ ہو جائے اس لئے آئندہ کے کپتان کا نام نہیں لینا چاہتا، میری نظر میں بہت سے کھلاڑی کپتانی کے اہل ہیں۔
مصباح
مصباح

مزیدخبریں