ساڑھے 7 لاکھ عیسائیوں، مسلمانوں کو ہندو بنا لیا، رام مندر ضرور بنے گا: پراوین توگڑیہ

Jan 12, 2016

احمد آباد (اے پی پی) ہندو انتہا پسند تنظیم وشوا ہندو پریشد کے رہنما پراوین توگڑیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی تنظیم نے گزشتہ دس برس کے دوران پانچ لاکھ سے زیادہ عیسائیوں اور اڑھائی لاکھ سے زیادہ مسلمانوں کو ہندو بنالیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے توگڑیا نے بھارت میں ہندو مذہب کو بچانے کے لئے گھر واپسی کی مہم جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔ اس نے کہا کہ ہم ہر سال تقریباً پندرہ ہزار افراد کو ہندو مذہب میں شامل کرتے ہیں لیکن گزشتہ سال یہ تعداد چالیس ہزار افراد تک جاپہنچی ہے۔ اس نے کہا کہ ا گر ہندو بھارت میں اکثریت میں رہنا اور اپنے مذہب کوبچانا چاہتے ہیں تو ہمیں لاکھوں لوگوں کو ہندو مذہب میں شامل کرنے کیلئے گھر واپسی کی مہم جاری رکھنا ہوگی۔ ہندو انتہا پسند رہنما نے بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام ہندئوں کو بھارت کی شہریت دینی چاہیے۔ اس نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر ہر صورت میں تعمیر کیا جائے گا۔

مزیدخبریں