لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کا گزشتہ روز اجلاس منعقد ہو ا جس میں وزیراعلیٰ نے اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنیوالے بچوں کی تعلیم کیلئے خصوصی پیکیج کی منطوری دی۔ پیکیج کے تحت بھٹہ کی بجائے سکول جانیوالے ہر بچے کو سوفیصد مفت تعلیمی اخراجات کے علاوہ ایک ہزار روپے ماہانہ خصوصی وظیفہ دیا جائے گاجبکہ بچوں کے سکول داخلے پر والدین کو دوہزار روپے سالانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ بچوں اوران کے والدین کوعلاج معالجہ کی مفت سہولتیں مہیا کی جائیںگی۔ دوردراز سکولوں میں جانیوالے بچوں کے ٹرانسپورٹ کے اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے آرڈیننس کے مسودے کی بھی منظوری دی۔ آرڈیننس کے تحت چائلڈ لیبر کرانے والے بھٹہ مالکان کو چھ ماہ تک قید کی سزا ہوگی۔ خلاف ورزی پر بھٹہ مالکان کا سمری ٹرائل ہوگا اور پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔ چائلڈ لیبر کرانے پربھٹہ بھی سیل ہوگا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹوں سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہر صورت کریں گے اور اس مقصد کے لئے متعلقہ اداروں کو محنت اور عزم سے کام کرنا ہوگا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے اعلان کردہ پیکیج انتہائی اہم اقدام ہے وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنیوالے بچوں کا سکولوں میں سوفیصد داخلہ یقینی بنایا جائے اور اینٹوں کے بھٹوں کی چیکنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے۔ مزید برآں پنجاب حکومت نے ’’چیف منسٹرز ٹیلنٹ سکالرشپ پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت سرکاری یونیورسٹیوں کے اہل طلبا و طالبات کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف دیئے جائیں گے۔ ہر سال ایک سو طلبا و طالبات کو دنیا کی پہلی سو بہترین یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف ملیں گے۔ اس امر کا فیصلہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت منعقد ہ اعلی سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا درخشاں مستقبل ہیں۔ ’’چیف منسٹرز ٹیلنٹ سکالرشپ پروگرام‘‘ پاکستان کے تابناک مستقبل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے۔ اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف ان طلباء کو طالبات کو دیئے جائیں گے جو بیرون ملک یونیورسٹیوں میں داخلے کے اہل ہوں گے۔ ملک کی ترقی اورقوم کی خوشحالی کا واحد زینہ تعلیم ہے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اورجدید علوم سے آراستہ کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ ’’چیف منسٹرز ٹیلنٹ سکالرشپ پروگرام‘‘ حکومت پنجاب ایک اور انقلابی اقدام ہے اور اس پروگرام سے نوجوان دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں اعلی تعلیم اورجدید علوم سے آراستہ ہوکر ملک و قوم کی ترقی اورقومی معیشت کی مضبوطی میں اپنا فعال کردار ادا کرسکیںگے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں طلبا و طالبات کو چینی زبان سکھانے کے کورس کیلئے چین بھجوانے کے پروگرام کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے اخراجات پر پہلے مرحلے میں 300 طلبا و طالبات کو چینی زبان سیکھنے کے کورس کیلئے چین بھیجے گی۔ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق طلباء کا انتخاب سوفیصد میرٹ پر کیا جائے گااور میرٹ پر منتخب ہونے والے اہل طلبا و طالبات کو 2 برس کا مترجم کا کورس کرایا جائے گا۔ چینی زبان سیکھنے کے کورس کے پروگرام میں پنجاب حکومت کے دیگر پروگراموں کی طرح جنوبی پنجاب کے طلبا و طالبات کیلئے 10 فیصد زائد کوٹہ رکھا گیا ہے جبکہ بلوچستان، خیبر پی کے ، سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طلبا و طالبات کو بھی چینی زبان سکھانے کے پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ چینی زبان سکھانے کیلئے چین کی بہترین یونیورسٹیوں کا انتخاب کیا جائے اورمزید برآں شہبازشریف نے لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابا ت میں کامیابی پر نو منتخب صدر ارشد جہانگیر جھوجہ اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔ شہباز شریف نے ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات میں نو منتخب عہدیداروں کو بھی مبارکباد دی ہے۔ مزید برآں شہباز شریف نے نو منتخب چیئرمین یونین کونسل توصیف احمد قریشی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بھٹہ کی بجائے سکول جانیوالے بچوں کو مفت تعلیم‘ ایک ہزار ماہانہ وظیفہ دینگے: شہباز شریف
Jan 12, 2016