اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) نیشنل کمشن برائے خواتین نے سفارش کی ہے کہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر براہ راست انتخاب کرانے پر غور کیا جائے اور قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کو 33 فی صد تک بڑھایا جائے۔ کمشن کی طرف سے یہ سفارشات قومی اسمبلی کی لاء اینڈ پالیسی کمیٹی میں پیش کی گئیں۔ خواتین کمشن نے پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی قوانین کی طرف سے ان سفارشات کی تعریف کی گئی جن میں کہا گیا ہے کہ خواتین کو سیاسی عمل میں بھرپور کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ اس وقت تک جب تک خواتین براہ راست انتخابات میں حصہ نہیں لے پاتیں ان کے لئے مخصوص نشستوں کو برقرار رکھا جائے۔ کمشن نے یہ سفارش بھی کی ہے کہ ہر حلقے میں اس وقت تک نتائج کا اعلان نہ کیا جائے جب تک کم سے کم دس فی صد خواتین نے حق رائے دہی استعمال نہ کیا ہو۔ کمیٹی نے جبری مذہب اور عقیدے کی تبدیلی کرانے سے متعلق سندھ اسمبلی کی طرف سے منظور کئے گئے قانون کی تعریف کی۔