پشاور(بیورورپورٹ)پشاور ہائی کورٹ نے دو عہدے رکھنے پرگورنر خیبر پی کے انجینئر اقبال ظفر جھگڑا کی نااہلی کیلئے پشاور ہائی کورٹ میں دائر رٹ درخواست کو غیر موثر قرار دے کر خارج کردیا ہے ، رٹ پشاور کے سینئر وکیل محمد خورشید ایڈوکیٹ نے دائر کی ہے جس میں گورنر خیبر پختونخوا، پرسنل سیکرٹری ٹو گورنر اور وفاقی حکومت کے سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کو فریق بنایا گیا تھا۔ رٹ میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اقبال ظفر جھگڑا بطور گونر خیبر پختونخوا اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ انہیں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے مرکزی سیکرٹری جنرل بھی منتخب کیا گیا ہے آئینی طور پر ایک حکومتی اہلکار بیک وقت اپنے پاس دو عہدے نہیں رکھ سکتا اس لئے گورنر خیبر پختونخوا کادو عہدے رکھنا آئینی طور پر درست نہیں ہے ایڈوکیٹ خورشید خان نے اپنی رٹ درخواست میں 10 اگست 2011 کوسابق صدر زرداری سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے ایک فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس وقت آصف علی زرداری صدر پاکستان تھے جن کے پاس پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا عہدہ بھی تھا جس پر لاہور ہائی کورٹ نے سابق صدر زرداری کو ایک عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا تھا لہٰذا گونر خیبر پختونخوا کو اس غیر آئینی اقدام پر نااہل کیا جائے گزشتہ روز سماعت کے دوران گورنر کے وکیل حازق علی شاہ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ گورنر کے پاس نہ تو سیکرٹری جنرل کا عہدہ ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا جس پر دورکنی بنچ نے درخواست کو غیر موثر قرار دیتے ہوئے خارج کردیا۔
دو عہدے رکھنے پرگورنر اقبال جھگڑا کی نااہلی کی درخواست خارج
Jan 12, 2018