میامی(آئی این پی) محققین نے خبردار کیا ہے کہ عالمی ماحولیاتی تبدیلی سے مستقبل قریب میں بارشوں اور سیلاب کا امکان ہے جس کی لپیٹ میں آکر امریکا اور ایشیا کے مختلف حصوں میں رہنے والے کروڑوں لوگ متاثر ہوسکتے ہیں جبکہ پاکستان میں اس کی شدت دگنی ہوجائے گی۔ اے ایف پی کے مطابق اسٹڈی ان دی جنرل سائنس ایڈوانسز کی ایک رپورٹ میں آئندہ 25 سالوں میں بڑے سیلاب کے خطرات کے پیش نظر اس بات کا حساب لگایا گیا ہے کہ سیلاب کی حفاظت کے لیے مزید کیا اقدامات کی ضرورت ہوگی۔رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ایشیا ہوگا جس کے باعث 2040ء تک ایک کروڑ 60لاکھ لوگ بے گھر ہوجائیں گے یا نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوں گے۔پاکستان کے حوالے سے انکشاف کیا کہ حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئی تو 2040ء تک سیلاب کے متاثرین کی تعداد 1 کروڑ 11 لاکھ سے زائد ہوگی۔ جنوبی امریکہ میں بھی سیلا ب متاثرین کی تعداد اسی دورانیے میں 1 کروڑ 20 لاکھ جبکہ افریقی ممالک میں 3 کروڑ 40 لاکھ شہری بے گھرہو سکتے ہیں۔ یورپی ممالک خصوصا جرمنی میں بھی متاثرین کی تعداد موجودہ اعداد و شمار کے مقابلے میں 7 گنا بڑھ کر تقریبا 7 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔دوسری جانب شمالی امریکا میں بارش اور سیلابی ریلے سے 10 لاکھ لوگ بے سرو ساماں ہو سکتے ہیں۔ اگر اگلے 20 برسوں میں امریکا کو سیلابی افتاد سے بچنے میں دلچسپی ہے تو واشنگٹن کے اختیار کردہ موجودہ حفاظتی عمل کو دگنا کرنا ہوگا۔اگلے چند برسوں میں سیلابی صورتحال بننے کی بڑی وجہ حیاتیاتی ایندھن کا اخراج ہے جس پر قدغن لگانے کی اشد ضرورت ہے۔