کا بل (نوائے وقت + آن لائن ) افغانستان کے صوبہ قنذوز میں پولیس چوکی پر طالبان جنگجوئوں کے حملے کے باعث 5 پولیس اہلکار، نیٹو کی بمباری میں 25 طالبان ہلاک ہوگئے، مقامی حکام کے مطابق صوبہ قنذوز میں طالبان جنگجوئوں کے حملے کا واقعہ پیش آیا جب ضلع ارحی کے مضافات میں قائم افغان مقامی پولیس کی ایک چوکی پر طالبان جنگجوئوں نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ تاہم ضلعی میئر نصر الدین نظاری کے مطابق افغان پولیس کی جوابی کارروائی کے باعث متعدد طالبان ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ ان کی تعداد سے متعلق واضح نہیں کہا جاسکتا، نصر الدین نے کہا زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ، افغان صوبہ فاریاب میں نیٹو کے فضائی حملے میں 25 طالبان ہلاک ہوگئے۔ افغان حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں طالبان کے تین اہم کمانڈر بھی شامل ہیں، ادھر 2016 ء میں ہونے والے امن معاہدے پر عملدر آمد کرتے ہوئے افغان حکومت نے کابل کی پل چرخی جیل سے حزب اسلامی کے 75 قیدی رہا کر دئیے انسانی تنظیموں نے شدید تنقید کی ہے۔