لاہور (لیڈی رپورٹر) قصورمیں معصوم بچی زینب کے ساتھ زیادتی اور قتل پرخواتین رہنماؤںنے شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ قصور میں بچی کے ساتھ پیش آنے والے اندوہناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں، معصوم بچوں اور بچیوںکے مجرموں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دینی چاہئے۔ دردانہ صدیقی، زر افشاں فرحین نے کہا کہ فحاشی و عریانی کے سیلاب نے ہیجان برپا کرکے معاشرے سے انسانی احترام ختم کردیا ہے، پی ٹی اے اور پیمرا کو ایسی تمام ویب سائٹس اور چینلز پر پابندی لگا دینی چاہئے جو فحش مواد نشر کرتے ہیں۔ سعدیہ سہیل رانا نے کہا کہ پنجاب میں 2017 میں بچوں کو زیادتی کا نشانے بنانے کے 2700 واقعات نے پنجاب حکومت کی گڈگورننس کا پول کھول دیا۔ ن لیگی حکومت زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے عملی اقدامات کرے۔ کنول لیاقت، ساجدہ وسیم ملک نے کہاکہ بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات معاشرے کی بے حسی کا ثبوت ہیں۔