لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) کوکا کولا کی کوششوں سے اگلے ماہ تین فروری کو فیفا ورلڈ کپ 2018ء کی ٹرافی پاکستان کے شہر لاہور پہنچے گی۔ اس بات کا اعلان کوکا کولا پاکستان و افغانستان کے جنرل منیجر رضوان یو خان نے مقامی ہوٹل میں ٹرافی کی آمد کے حوالے سے منعقد تقریب سے خصاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ جس طرح فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی پہلی مرتبہ پاکستان آ رہی ہے وہ دن بھی ضرور آئے گا جب پاکستان نہ صرف ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریگا بلکہ ٹرافی بھی جیتے گا۔ ہر ملک کی خواہش تھی کہ ٹرافی ان کے ملک جائے مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے جس کی کوششوں سے فیفا سے اپنے ملک کے لیے ٹرافی کی منظوری کرائی۔ یہ ایک تاریخی دن ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیفا ورلڈ کپ کی اوریجنل ٹرافی پاکستان آ رہی ہے حکومت پنجاب سے درخواست کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ہمارے ساتھ تعاون کرئے۔ کوکا کولا 3 فروری کو پاکستان میں ورلڈ کپ کی ٹرافی لا کر نئی تاریخ رقم کرئے گا۔ اس موقع پر پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان ہاجرہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بات نہیں پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ راونڈ میں شریک نہیں ہو سکی تاہم خوشی اس بات کی ہے کہ کم از کم ٹرافی ضرور پاکستان آ رہی ہے۔ جس پر کوکا کولا کو مبارکباد دینا چاہوں گی۔ تقریب میں پاکستان ویمنز ٹیم کے کپتان کلیم اﷲ خان کا ویڈیو پیغام بھی چلایا گیا جس میں انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی کی آمد کو ایک تاریخی اور یادگاری لمحہ قرار دیا۔یتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔ اس موقع پر عباس ارسلان کا کہنا تھا کہ روس میں منعقد ہونے والے عالمی کپ کو دیکھنے کے لیے 30 پاکستانی شائقین کو قرعہ اندازی کے ذریعے بھجوایا جائے گا۔ جبکہ اس کے علاوہ تھائی لینڈ سے چارٹر طیارے کے ذریعے ٹرافی کو جب پاکستان لایا جائے گا تو 16 پاکستان افراد بھی اس وقت طیارے میں موجود ہونگے۔ عباس ارسلان کا کہنا تھا کہ ہماری کوششوں سے 22 جون 2018ء کو برازیل اور کوسٹاریکا کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران ٹاس کا سکہ پاکستانی بچہ اچھالے گا۔ یہ بھی ایک تاریخی موقع ہوگا۔ رضوان یوخان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فیفا کی نمائندہ تنظیم کے علاوہ کسی متنازعہ تنظیم کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ امید ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کا معاملہ بھی جلد حل ہو جائیگا۔
ایک دن پاکستان فیفاورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرے گا : رضوان یو خان
Jan 12, 2018