پاکستان کو تکلیف کا احساس دلاتے رہنا ہماری پالیسی ہے:بھارتی آرمی چیف

 بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ پاکستان کو تکلیف کا احساس دلاتے رہنا ہماری پالیسی ہے، ہمسایہ ملک کو امریکی دھمکیوں کے حوالے سے بھارت کو دیکھو اور انتظار کرو والی پالیسی اپنانی ہوگی، آئندہ جنگ جیتنے کے لیے فوج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنا ہو گا۔ نئی دہلی میں سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ چین طاقتور ملک ہے اور بھارتی سرحدوں پر دباو بڑھا رہا ہے لیکن بھارت بھی کمزور نہیں، سرحد پر چین سے خطرات کا سامنا ہے لیکن بھارتی فوج کسی بھی چینی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور وقت آگیا ہے کہ وہ اپنی توجہ شمالی سرحد پر مرکوز کرے۔ امریکہ کی پاکستان کو دھمکیوں سے متعلق سوال کے جواب میں بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ بھارت کو دیکھو اور انتظار کرو والی پالیسی اپنانی ہوگی۔ پاکستان دہشت گردوں کو ٹشو پیپر کے طور پر استعمال کرکے پھینک دیتا ہے لیکن بھارتی فوج نے ہمیشہ اس بات کو یقینی بنایا کہ پاکستان کو بھی تکلیف کا احساس دلایا جاتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ جوہری ، کیمیائی، حیاتیاتی اور تابکار ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکی اب حقیقت کا روپ دھار چکی ہے، آئندہ جنگ جیتنے کے لیے فوج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن