نوابشاہ سے الیکشن لڑنے کا اعلان، اگلا وزیر اعظم بلاول ہوگا، زرداری: سندھ حکومت کے کاموں میں مثال نہیں ملتی، چیئرمین پیپلزپارٹی

سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہو گا۔ نوابشاہ میں پارٹی سیکرٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے سابق صدر نے کہا نوابشاہ کے کارکن تیاری کرلیں۔ آئندہ 2018ءکا الیکشن نوابشاہ سے لڑوں گا۔ دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے سیہون شریف میں این آئی سی وی ڈی ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا سیہون آکر مجھے خوشی ہو رہی ہے۔ امراض قلب کے ہسپتال کا سیہون میں قیام بہت خوش آئند ہے۔ اس ہسپتال میں پوری دنیا کے لوگ مستفید ہوں گے۔ سیہون شریف انسانیت کیلئے ایک پناہ گاہ ہے۔ پیپلزپارٹی کی روایت دلوں کو جوڑنا ہے بے قرار دھڑکنوں کو قرار دینا اور لوگوں کو جوڑنا پیپلزپارٹی کی روایت ہے۔ ٹنڈو محمد خان اور حیدر آباد میں عالمی معیار کے جدید ہسپتال کھولے جا چکے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے امراض قلب کے علاج کو عام آدمی کی دسترس میں پہنچا دیا ہے۔ سندھ حکومت کے کام کی کہیں مثال نہیں پھر کہتے ہیں سندھ حکومت نے کیا کیا ہے؟ دنیا بھر میں صرف ڈھائی سو سائبر مشین ہیں جو سندھ میں بھی موجود ہے۔ مہنگے مہنگے علاج کرانے کیلئے سندھ میں ایک روپیہ بھی نہیں لگتا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 6 لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالا۔ پچھلے 3برس میں این آئی سی وی ڈی کی صورتحال میں بہت تبدیلی آئی ہے ۔سندھ میں بہت کام ہونے کے باوجود آج بھی مسائل ہیں۔ ان مسائل کے حل کیلئے ہماری نیت پر شک نہیں کیا جا سکتا۔ سندھ کی ترقی کیلئے اپنی کمٹمنٹ پر سو فیصد قائم ہیں۔ قلندر کی نگری میں دہشتگردوں نے دھمال روکنے کیلئے دھماکہ کیا۔ اسی ہسپتال میں کھڑا تھا جہاں اس سانحے کے زخمیوں کو لایا گیا۔ وہ کہتے ہیں کہ یہاں ہسپتال ہے ہی نہیں۔ قلندر کی نگری کے بہادر لوگوں کو دنیا بھر میں تماشا بنایا گیا تاکہ پیپلزپارٹی کو نقصان ہو۔ میرے نانا میری والدہ نے اپنی زندگی ہمیشہ صحت کے شعبے میں صرف کی۔ ہم نے بھی اپنی تمام توانائیاں بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی میں صرف کیں۔

ای پیپر دی نیشن